ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : بھارت نے پاکستان کو 64 رنز سے ہرادیا
ایجبسٹن ۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف 64 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کی کمزور بولنگ اور ناقص فیلڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر170 رنز بناڈالے جو اس کا پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔ اس سے قبل اس نے 2023 میں کیپ ٹاؤن میں 3 وکٹوں پر151 رنز بنائے تھے۔
جواب میں پاکستان ٹیم مایوس کن بیٹنگ کے نتیجے میں 17 اوورز میں صرف106 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
یہ عالمی نمبر 8 پاکستان ویمنز ٹیم کی عالمی نمبر 3 بھارت ویمنز کے خلاف 17 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 14 ویں شکست ہے جبکہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں یہ اس کی بھارت کے خلاف مسلسل چوتھی شکست ہے۔
شفالی ورما نے میچ کی پہلی ہی گیند پر سعدیہ اقبال کو چھکے سے دباؤ میں لینے کی کوشش کی لیکن سعدیہ اقبال کو پہلے ہی اوور میں وکٹ لینے کا فن خوب آتا ہے انہوں نے شفالی کو پانچویں گیند پر وکٹ کیپر منیبہ علی کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
یہ 8 واں موقع ہے کہ سعدیہ اقبال نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اننگز کے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی ہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر13 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے کرائے گئے پہلے اوور میں وکٹ حاصل کی ہے۔
پاکستان کو دوسری کامیابی بھی جلد مل گئی جب 18 کے مجموعی اسکور پر اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے والی تسمیہ رباب نے جمیما راڈرگز کو صرف ایک رن پر نتالیہ پرویز کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ یہ ان کی اپنے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پہلی وکٹ بھی ہے۔
پاکستان ٹیم نے ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے سمرتی مندھانا کو آؤٹ کرنے کا موقع دو مرتبہ ضائع کیا۔ پہلے 27 کے اسکور پر تسمیہ رباب کی گیند پر عالیہ ریاض کیچ لینے میں کامیاب نہ ہوسکیں اور پھر 55 کے اسکور پر سعدیہ اقبال کی گیند پر سائرہ جبین نے کیچ ڈراپ کردیا۔
سمرتی مندھانا کی 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کا خاتمہ کپتان فاطمہ ثنا نے رامین شمیم کی گیند پر کیچ لے کر کردیا۔
سمرتی مندھانا نے کپتان ہرمن پریت کور کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 91 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستان کو چوتھی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور صرف ایک رن کے اضافے پر سعدیہ اقبال نے بھارتی فولمالی کو منیبہ علی کے ہاتھوں اسٹمپڈ کرادیا۔
فاطمہ ثنا نے ہرمن پریت کور کی 36 رنز پر اہم وکٹ نتالیہ پرویز کے کیچ کے ذریعے حاصل کرلی۔اسوقت بھارت کا اسکور 17 ویں اوور میں 5 وکٹوں پر123 رنز تھا۔
دیپتی شرما اور ریچا گھوش کے درمیان 45 رنز کی اہم شراکت نے بھارت کے اسکور میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔ان دونوں نے 19 ویں اوور میں تسمیہ رباب کی بولنگ پر 23 رنز بناڈالے جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
فاطمہ ثنا نے اگرچہ اننگز کے آخری اوور میں ریچا گھوش کی وکٹ حاصل کی لیکن اس اوور میں انہوں نے 15 رنز بھی دے ڈالے ۔
ریچا گھوش نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بنائے۔دیپتی شرما ایک چوکے کی مدد سے 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
فاطمہ ثنا اورسعدیہ اقبال نے بالترتیب 33 اور 41 رنز دے کردو دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان ٹیم نے 10 رنز وائیڈ کے دے ڈالے۔
منیبہ علی اور گل فیروزہ نے ٹیم کو 34 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن 20 رنز کے اضافے پر تین وکٹیں گرنے سے صورتحال بدل گئی۔ گل فیروزہ 12 ۔ عائشہ ظفر12 اور سائرہ جبین 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
منیبہ علی کا 41 رنز پر رن آؤٹ ہونا پاکستان ٹیم کے لیے بہت بڑا دھچکہ ثابت ہوا۔ ستم بالائے ستم کپتان فاطمہ ثنا بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں اور نتالیہ پرویز نے بھی ڈگ آؤٹ میں جانے میں دیر نہیں لگائی۔ تین اوورز میں تین وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان ٹیم کے لیے اب کچھ نہیں بچا تھا۔
آف اسپنر دیپتی شرما نے ایک ہی اوور میں عالیہ ریاض ۔ تسمیہ رباب اور نشرہ سندھو کو آؤٹ کردیا۔انہوں نے صرف10 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کریئر کی بہترین بولنگ ہے وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 166 وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بھی بن گئی ہیں۔
لیفٹ آرم اسپنرشری چارنی نے 21 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 17 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلے گی۔



Leave a Reply