حمزہ ظہور اور حسنین عباس ڈار کی شاندار بیٹنگ لیکن انگلینڈ انڈر 19 کی 2 رنز سے کامیابی
حمزہ ظہور اور حسنین عباس ڈار کی شاندار بیٹنگ پاکستان انڈر 19 کو 303 رنز کے مشکل ہدف کے قریب لے آئی تاہم آخری لمحات میں دونوں کی وکٹیں حاصل کرکے انگلینڈ انڈر 19 نے تیسرے یوتھ ون ڈے میں دلچسپ مقابلے کے بعد صرف 2 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
اس طرح چار میچوں کی سیریز میں اب پاکستان انڈر 19 کو دو ایک کی برتری حاصل ہے ۔ اس نے پہلا یوتھ ون ڈے 177 رنز سے اور دوسرا یوتھ ون ڈے 122 رنز سے جیتا تھا۔
سیریز کا چوتھا اور آخری ون ڈے بدھ 16 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
تیسرے ون ڈے میں پاکستان نےٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ دی جس نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 302 رنز بنائے۔
جواب میں پاکستان ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
میزبان ٹیم کی طرف سے جیک نیلسن نے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔ تھیو لیمی نے 8چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی ان دنوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 120 رنز کا اضافہ کیا۔رابی بومین 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
رضوان اللہ نے 59 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی 5 وکٹیں 124 رنز پر گرچکی تھیں اس موقع پر حمزہ ظہور اور حسنین عباس ڈار نے چھٹی وکٹ کی شاندار شراکت میں 154 رنز بناکر اپنی ٹیم کو کامیابی کے قریب کردیا تھا۔
حمزہ ظہور 6 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔پچھلے میچ میں بھی انہوں نے نصف سنچری بنائی تھی۔
حسنین عباس ڈار 5 چوکوں کی مدد سے 56رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمد صیام نے 2 چھکوں کی مدد سے14 رنز بنائے لیکن وہ آخری اوور میں رن آؤٹ ہوگئے۔ آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے 12 رنز درکار تھے لیکن9 رنز بن پائے۔
دیگر بیٹرز میں احمد حسین 38 ۔ کپتان فرحان یوسف24 26 اور عبدالقادر26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔
جیک آلڈ نے 67 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔



Leave a Reply