سری لنکا کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 153 رنز درکار
پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 325 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اسطرح اسے پہلی اننگز میں 227 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
سری لنکا نے کھیل ختم ہونے پر اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر74 رنز بنائے تھے اس طرح اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے اب بھی 153 رنز درکار ہیں اور اس کی7 وکٹیں باقی ہیں۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز121 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی لیکن اذان اویس اپنے گزشتہ روز کے اسکور 47 میں اضافہ کیے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔ پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی وہ اپنے گزشتہ روز کے اسکور 22 میں اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوئے تھے۔
اس کے بعد وکٹیں گرتی رہیں جس کا سبب لاہیرو کمارا کی عمدہ بولنگ تھی۔
کمارا نے اذان اویس کے بعد سعود شکیل ( 24 ) اور نائٹ واچ مین ثاقب خان ( 37 ) کو بھی پویلین کا راستہ دکھایا۔ان دونوں نے 57 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
سلمان علی آغا کی مشکلات ختم نہیں ہورہی ہیں۔وہ صرف 21 رنز بناکر فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جنہوں نے عامر جمال کی وکٹ بھی12 رنز پر حاصل کی۔
وکٹ کیپر غازی غوری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 54رنز اسکور کیے ۔ یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی نصف سنچری ہونے کے ساتھ ساتھ اس میچ میں کسی بھی بیٹر کی بھی پہلی نصف سنچری تھی ۔ان کی وکٹ ملان رتنائیکے کے حصے میں آئی ۔
غازی غوری نے رضاء اللہ کے ساتھ 9 ویں وکٹ کی شراکت میں 56رنز کا اضافہ کیا۔
رضاء اللہ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں آؤٹ کرکے کمارا نے اننگز میں اپنی پانچویں کامیابی حاصل کی انہوں نے یہ پانچ وکٹیں 95 رنزکے عوض حاصل کیں۔
اسیتھا فرنینڈو نےدوسرے اینڈ سے دباؤ قائم کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو 88 رنز دے کر آؤٹ کیا۔
ان دونوں بولرز کو کپتان کوسال مینڈس کی عمدہ وکٹ کیپنگ سے بھی بھرپور حوصلہ ملا جنہوں نے پانچ کیچز لیے۔
انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں بھی سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں دو کیچز لیے تھے۔
سری لنکا کی دوسری اننگز میں لاہیرو اودارا 7 رنز بناکر ثاقب خان کی گیند پرطیب عارف کے ہاتھوں کیچ ہوگئے لیکن ثاقب خان یہ اوور مکمل نہ کرسکے اور انہیں میدان سے باہر جانا پڑا اور ان کا اوور رضاء اللہ نے مکمل کیا۔
ٹیم کے میڈیا منیجر کے مطابق ثاقب خان انڈر آبزرویشن ہیں لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کی تکلیف کی نوعیت کی ہے۔
سری لنکا کی گرنے والی دوسری وکٹ آؤٹ فارم دنیش چندی مل کی تھی جو بغیر کوئی رن بنائے رضاء اللہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
10 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد سوریا بندرا اور کامندو مینڈس اسکور کو39 تک ہی لے گئے تھے کہ کامندو مینڈس 16 رنز بناکر عامر جمال کی گیند پر محمد طحہ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
کھیل ختم ہونے پر سوریا بندارا 18 اور دھنن جے ڈی سلوا 24 رنز پر کریز پر موجود تھے دونوں کی شراکت میں 35 رنز بن چکے ہیں۔



Leave a Reply