شین ڈائٹز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مقرر
پاکستان کرکٹ بورڈنے سابق آسٹریلوی کرکٹر شین ڈائٹز کو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف آئندہ دو طرفہ سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور پاکستان اسکواڈ کو جوائن کرنے کے لیے ویسٹ انڈیز پہنچیں گے۔
شین ڈائٹز تیسرے غیرملکی ہیڈ کوچ ہیں جو پاکستان ویمنز ٹیم کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ان سے قبل آسٹریلیا کے ڈیوڈ ہیمپ اور نیوزی لینڈ کے مارک کولز پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ اس وقت وہاب ریاض مینٹور کے طور دسمبر 2025 سے ویمنز ٹیم کے ساتھ تھے۔اسوقت جاری آئی سی سی ایمرجنگ نیشنز ٹرافی وہاب ریاض کا آخری اسائنمنٹ ہے۔
وہاب ریاض سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹرمحمد وسیم ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم حالیہ برسوں میں اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے خاص کر آئی سی سی ایونٹس میں اس کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے۔
شین ڈائٹز فرسٹ کلاس کرکٹ کے سابق کھلاڑی ہیں اور انہیں بین الاقوامی کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ حال ہی میں ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 اور 2026 کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔
51 سالہ آسٹریلوی کوچ اس سے قبل بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کی خواتین کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ساتھ بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ اس کے
علاوہ انہوں نے 2008 سے 2013 تک نیوزی لینڈ میں کرکٹ ویلنگٹن کے ساتھ ہائی پرفارمنس کوچ کے طور پر بھی کام کیا تھا۔



Leave a Reply