ایشین گیمز کے لیے پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کا اعلان
لاہور ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین گیمز 2026 کے لیے پندرہ رکنی مینز کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
یہ ایشین گیمز 17ستمبرسے 3 اکتوبر تک جاپان میں منعقد ہونگے۔مینز کرکٹ ایونٹ میں دس ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ خواتین مقابلوں میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔بھارت دونوں کا دفاعی چیمپئن ہے۔
جاپان تیسری مرتبہ ایشین گیمز کی میزبانی کررہا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی اعلان کردہ ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے۔ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں عبدالصمد ( نائب کپتان ) ابرار احمد۔ احمد دانیال۔ عاکف جاوید۔ علی رضا۔ عرفات منہاس۔ حیدرعلی۔ حسن نواز۔ معاذ صداقت۔ سلمان مرزا۔ سفیان مقیم۔ صائم ایوب ۔ سعد مسعود اور عثمان خان شامل ہیں۔
عاکف جاوید ۔ علی رضا۔ معاذ صداقت اور سعد مسعود پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے سلیکٹ ہوئے ہیں۔
کپتان صاحبزادہ فرحان46 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 سنچریاں اور10 نصف سنچریوں کی مدد سے 1305رنز اسکور کرچکے ہیں۔
پاکستان ایشین گیمز کے مینز کرکٹ ایونٹ میں دو مرتبہ شرکت کرچکا ہے ۔ 2010کے ایشین گیمز میں اس نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا جبکہ 2022 میں اس کی چوتھی پوزیشن رہی تھی۔



Leave a Reply