URDUویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان کی تھائی لینڈ کے خلاف 35 رنز سے کامیابی

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان کی تھائی لینڈ کے خلاف 35 رنز سے کامیابی

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے دبئی میں منعقدہ ویمنزٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ ویمنز کو 35 رنز سے شکست دے دی ۔

یہ اس سال پاکستان ویمنز ٹیم کی 19 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 7 ویں کامیابی ہے۔

پاکستان نے تھائی لینڈ کو دوسری مرتبہ شکست دی ہے۔ اس سے قبل اس نے 2018کے ایشیا کپ میں کوالالمپور میں 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ایک میچ تھائی لینڈ نے بھی جیت رکھا ہے جب اس نے2022 کے ایشیا کپ میں سلہٹ میں پاکستان کو 4 وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ہے۔

تھائی لینڈ ویمنز کی اس ٹورنامنٹ میں یہ دوسری شکست ہے۔ اس نے اپنے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو 6 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں اسے بھارت نے 94 رنز سے ہرادیا تھا۔

منگل کے روز دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر119 رنز بنائے۔

جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 84 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی۔

پاکستان کی اننگز میں صرف منیبہ علی ہی اعتماد سے بیٹنگ کرپائیں انہوں نے 4چوکوں کی مدد سے 54 رنز اسکور کیے۔

صدف شمس 20 ام ہانی 17 اور طوبٰی حسن 12 رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔

سلیپون لاؤمی نے صرف 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے ایک ہی اوور میں صدف شمس ( 20 ) اور کپتان فاطمہ ثنا ( صفر ) کی وکٹیں حاصل کی تھیں۔

تھپاچا پوتھا وونگ نے 18 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں شوال ذوالفقار ( 1 ) اور گل فیروزہ ( صفر ) کو آؤٹ کردیا تھا۔

پوتھا وونگ ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 173 وکٹیں حاصل کرنے والی بولر بھی بن گئی ہیں۔سابقہ ریکارڈ 171وکٹوں کا بھارت کی دیپتی شرما کا تھا۔

تھائی لینڈ کی اننگز بھی مایوس کن انداز میں شروع ہوئی اور اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کرنے کے لیے مشہور سعدیہ اقبال نے پانیتا مایا اور کونچاروئن کائی کو آؤٹ کردیا۔

تھائی لینڈ کی 33 رنز پر گرنے والی تیسری وکٹ ناتھاکن چانتھام کی تھی جنہیں نشرہ سندھو نے آؤٹ کیا عائشہ ظفر کے ڈراپ کیچ نے انہیں دوسری وکٹ سے محروم کردیا۔ انہوں نے4 اوورز جس میں ایک اوور میڈن بھی تھا ، صرف 6 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی ۔

کپتان نارومول اور سوون چونراتھی کو طوبی حسن نے آؤٹ کردیا۔انہوں نے ہملٹن کو رن آؤٹ بھی کیا جبکہ دوسری جانب کپتان فاطمہ ثنا نے لاؤمی کو آؤٹ کردیا اسوقت اسکور 19 ویں اوور میں 7 وکٹوں پر 76 رنز تھا اور پاکستان ٹیم جیت کے بہت قریب آچکی تھی۔ اننگز کی آخری گیند پر سعدیہ اقبال نے اپنی تیسری وکٹ سوتھی روام کو آؤٹ کرکے حاصل کی۔

سعدیہ اقبال نے صرف 11 رنز دے کر 3 حاصل کیں۔ طوبی حسن نے 17رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ویمنز ٹیم آٹھ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں ہے۔وہ اپنا دوسرا میچ بھارت کے خلاف 5 ستمبر کو کھیلے گی جبکہ اس کا آخری گروپ میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز10 اور 11 ستمبر کو ہونگے جبکہ فائنل 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

یہ 10 واں ویمنز ایشیا کپ ہے۔2004 سے 2008 تک یہ ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا۔ 2012 سے یہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جارہا ہے۔

پاکستان نے 2012 اور 2016 میں دو مرتبہ فائنل کھیلا ہے تاہم وہ ابھی تک یہ ٹورنامنٹ نہیں جیت سکا ہے۔ دونوں مرتبہ اسے بھارت نے بالترتیب 18 رنز اور 17 رنز سے شکست دی تھی۔

دو سال قبل پاکستان نے سیمی فائنل کھیلا تھا جس میں اسے سری لنکا نے تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

بھارت نے سب سے زیادہ 7 مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ اس وقت سری لنکا دفاعی چیمپئن ہے جس نے 2024 کے فائنل میں بھارت کو8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.