URDUآسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے ہرادیا ، نیتھن ایلیز کی چار وکٹیں

آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے ہرادیا ، نیتھن ایلیز کی چار وکٹیں

لاہور ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو 2022 میں اسی قذافی اسٹیڈیم میں 349 رنز کا ہدف حاصل کرتے ہوئے 6 وکٹوں سے شکست دی تھی لیکن منگل کی شب وہ اپنے بیٹرز کی مایوس کن کارکردگی کے نتیجے میں آسٹریلیا کے خلاف 232 رنز کا ہدف بھی عبور نہ کرسکی اور 41 رنز سے میچ ہارگئی جس میں نیتھین ایلیز کی کریئر بیسٹ چار وکٹوں کا کردار نمایاں تھا۔
یوں تین میچوں کی یہ ون ڈے سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔ تیسرا اور فیصلہ کن میچ جمعرات کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ دی جس نے50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔
پاکستان ٹیم جواب میں 44 اوورز میں 190 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کی اننگز کی پہلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی الیکس کیری کو بولڈ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں 11 واں موقع ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی ہے۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھی 26 مرتبہ اپنے پہلے اوور میں وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
صرف چار اوورز کے بعد ہی دونوں اینڈ سے اسپنرز عرفات منہاس اور ابرار احمد متعارف کرادیے گئے اور ابرار احمد اپنے دوسرے ہی اوور میں میتھیو شارٹ کو 15 رنز پر اپنی ہی گیند پر کیچ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
میتھیو شارٹ نے کپتان جوش انگلیز کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 46 رنز کا اضافہ کیا۔
پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے مارنس لبوشین اسمرتبہ 5 رنز ہی بناسکے اور عرفات منہاس کے چوتھے اوور میں سوئپ کرنے کی کوشش میں سلمان علی آغا کو کیچ دے گئے۔
مارنس لبوشین کی کسی نصف سنچری کے بغیر یہ لگاتار 12 اننگز ہوچکی ہیں۔
عرفات منہاس نے ایک اور اہم کامیابی کپتان جوش انگلیز کو بولڈ کرکے حاصل کی جنہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے اور 51 رنز کی ہی شراکت کیمرون گرین کے ساتھ قائم کی۔
کیمرون گرین اور میٹ رینشا نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 65رنز کا اضافہ کیا۔ یہ شراکت ابرار احمد نے کیمرون گرین کو 53 رنز پر صاحبزادہ فرحان کے ہاتھوں کیچ کے ذریعے آؤٹ کرکے ختم کی۔اس اننگز میں ایک چھکا اور دو چوکے شامل تھے۔
میٹ رینشا کو 43 رنز پر حارث رؤف نے بولڈ کیا۔ شاہین آفریدی کو کونیمین اور نیتھن ایلیز کی وکٹیں مل گئیں لیکن دوسری جانب اولی پیک نے حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہونے سے پہلے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31 رنز بناکر آسٹریلیا کا اسکور231 تک پہنچادیا۔
پاکستان کی بولنگ میں شاہین آفریدی 36 رنز کے عوض 3 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔ نوجوان عرفات منہاس نے ایک بار پھر عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ابرار احمد اور حارث رؤف نے بھی دو دو وکٹیں بالترتیب 34 اور49 رنز دے کر حاصل کیں ۔
شاداب خان کو اس بار بھی ایک بھی وکٹ نہ مل سکی اور انہوں نے 9 اوورز میں 56 رنز دیے۔
یہ مسلسل پانچواں ون ڈے انٹرنیشنل ہے جس میں شاداب خان وکٹ سے محروم رہے ہیں۔
پاکستان کی اننگز میں بھی معاذ صداقت ( صفر ) کی وکٹ پہلے ہی اوور میں نیتھن ایلیز کی گیند پر گرگئی اور پھر اگلے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان بھی3 رنز بناکر کونیمین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کے لیے سب سے بڑا دھچکہ بابراعظم کا16 رنز پر ایلیز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہونا تھا۔ پہلے میچ میں بھی بابراعظم کو69 رنز پر ایلیز نے ہی آؤٹ کیا تھا۔
میتھیو شارٹ نے سلمان علی آغا کو 7 رنز پر بولڈ اور عبدالصمد کو 2 رنز پر اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے پاکستان کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کردیا پاکستان کی پانچویں وکٹ صرف 58 رنز پر گری ۔
ایڈم زمپا کی گیند پر غازی غوری کے 37 رنز پر آؤٹ ہونے سے اسکور 78 رنز 6 کھلاڑی ہوگیا۔
عرفات منہاس اور شاداب خان نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 59رنز کا اضافہ کیا۔ یہ شراکت نیتھن ایلیز نے چار چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنانے والے عرفات منہاس کو ایل بی ڈبلیو کرکے ختم کی۔
شاداب خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 104گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی جو ون ڈے میں ان کی پانچویں نصف سنچری ہے۔ وہ سانگھا کی گیند پر انگلیز کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہونے والے آخری بیٹر تھے۔
کپتان شاہین آفریدی11 رنز بناکر میتھیو شارٹ کی اننگز میں تیسری وکٹ بن گئے۔ انہوں نے شاداب خان کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 31 رنز کا اضافہ کیا۔
شاداب خان نے حارث رؤف کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں21 رنز کا اضافہ کیا جس میں حارث نے پندرہ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے کوئی رن نہیں بنایا۔انہیں ایلیز نے بولڈ کرکے اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی۔
نیتھن ایلیز نے33 رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔ میتھیو شارٹ نے36 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اتفاق سے دونوں کی یہ کریئر بیسٹ بولنگ ہے۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.