URDUلاس اینجلس اولمپکس 2028 کرکٹ کے کوالیفکیشن طریقہ کار کا اعلان

لاس اینجلس اولمپکس 2028 کرکٹ کے کوالیفکیشن طریقہ کار کا اعلان

دبئی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے باضابطہ طور پر لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی تاریخی واپسی کے لیے کوالیفکیشن کے طریقہ کار کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت پہلی مرتبہ آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

لاس اینجلس اولمپکس میں مردوں اور خواتین کے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں چھ چھ ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ افریقہ، ایشیا، یورپ اور اوشیانا کی کم از کم ایک ایک ٹیم کی نمائندگی یقینی ہوگی۔

ہر ایونٹ کی پانچ ٹیمیں موجودہ آئی سی سی ایونٹس اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر طے کی جائیں گی جو پہلے سے منظور شدہ اور شائع شدہ ایف ٹی پی پروگرام کے مطابق ہوگا۔

آخری ٹیم کا فیصلہ 2027 میں ہونے والے نئے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر کے ذریعے ہوگا۔

اسوقت جاری آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے نتیجے میں لاس اینجلس اولمپکس کے لیے پہلی چار خواتین ٹیمیں بھی سامنے آگئی ہیں۔ آسٹریلیا، برطانیہ (انگلینڈ کے ذریعے)، بھارت اور جنوبی افریقہ نے بالترتیب اوشیانا، یورپ، ایشیا اور افریقہ کی جانب سے سب سے بہتر پوزیشن حاصل کرنے والی اہل ٹیموں کے طور پر اولمپکس میں جگہ بنالی ہے۔

ہر براعظم کے لیے صرف ایک ٹیم کی حد مقرر کی گئی تھی۔

چونکہ ویسٹ انڈیز متعدد کیریبین ممالک پر مشتمل ایک مشترکہ آئی سی سی رکن ہے اور اسے آئی او سی کی جانب سے علیحدہ نیشنل اولمپک کمیٹی

کے طور پر تسلیم نہیں کیا جاتا اس لیے وہ اولمپکس میں براہ راست شرکت یا کوٹہ حاصل کرنے کی اہل نہیں ہے۔

تاہم اگر ویسٹ انڈیز کی مردوں یا خواتین کی ٹیم 31 دسمبر 2026 تک پہلے سے کوالیفائی نہ کرنے والی ٹاپ آٹھ رینکنگ ٹیموں میں شامل ہوئی تو اس صورت میں ایک خصوصی کیریبین کوالیفائر منعقد کیا جائے گا جس کے ذریعے یہ طے کیا جائے گا کہ کون سی کیریبین نیشنل اولمپک کمیٹی آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر میں خطے کی نمائندگی کرے گی۔

امریکی خطے سے میزبان ملک ہونے کی حیثیت سے امریکا مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس کے لیے کوالیفائی کرنے کا اہل ہوگا بشرطیکہ وہ 30 جون 2026 سے 31 دسمبر 2026 کے دوران کسی بھی وقت متعلقہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ میں ٹاپ 15 ٹیموں میں شامل ہو۔

اگر امریکی خواتین ٹیم یہ معیار پورا نہ کرسکی تو پانچویں آٹومیٹک کوالیفکیشن اسپاٹ یکم مارچ 2027 کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کے مطابق کسی بھی براعظم کی سب سے بلند رینکنگ رکھنے والی مگر پہلے سے کوالیفائی نہ کرنے والی ٹیم کو ملے گا۔

اسی طرح اگر امریکی مردوں کی ٹیم مقررہ معیار پر پورا نہ اتری تو پانچویں آٹومیٹک اسپاٹ دسمبر 2026 تک پہلے سے کوالیفائی نہ کرنے والی اگلی بلند ترین رینکنگ رکھنے والی اہل ٹیم کو دیا جائے گا خواہ اس کا تعلق کسی بھی براعظم سے ہو۔

مردوں کے مقابلوں میں باقی آٹومیٹک ٹیموں کا فیصلہ 31 دسمبر 2026 کی آئی سی سی مردوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کے مطابق ہوگا، جہاں افریقہ، ایشیا، یورپ اور اوشیانا سے سب سے بلند رینکنگ رکھنے والی اہل ٹیمیں لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس کی آخری ٹیم کا فیصلہ آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 میں ہوگا جس میں ہر ایونٹ میں آٹھ، آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی اور شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ہر اولمپکس کوالیفائر میں شامل دیگر سات ٹیموں کا انتخاب متعلقہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ یہ وہ بلند ترین رینکنگ رکھنے والی ٹیمیں ہوں گی جو پہلے ہی لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کوالیفائی نہ کرچکی ہوں۔

اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ منتخب کرسکے گی۔ چھ ٹیموں کو تین، تین ٹیموں کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔

ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر دونوں ٹیموں کے خلاف ایک ایک میچ کھیلے گی، جس کے بعد مخالف گروپ کی ان دو ٹیموں کے خلاف مزید دو میچ ہوں گے جو اپنی اپنی گروپ پوزیشن میں اس کے برابر نہ ہوں۔

گروپ مرحلے کے اختتام پر سرفہرست دو ٹیمیں سونے اور چاندی کے تمغوں کے لیے فائنل کھیلیں گی جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان کانسی کے تمغے کا مقابلہ ہوگا۔

مردوں اور خواتین کے دونوں ایونٹس میں مجموعی طور پر 28 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ تمام مقابلے پومونا میں کرکٹ کے لیے خصوصی طور پر تعمیر کیے جانے والے اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.