آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ : محمد نواز پر تین ماہ کی معطلی
دبئی ۔ پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر محمد نواز نے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے تین ماہ کی نااہلی قبول کر لی ہے تاہم ممنوعہ نشہ آور مواد سے متعلق علاج کامیابی سے مکمل کرنے کی صورت میں یہ سزا کم ہوکر ایک ماہ رہ جائے گی۔
32 سالہ محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ 7 فروری 2026 کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران نیدرلینڈز کے خلاف کولمبو میں کھیلے گئے میچ کے بعد لیا گیا تھا جس میں ان کے سمپل میں کاربوکسی ٹی ایچ سی نامی ممنوعہ نشہ آور مادہ پایا گیا جو آئی سی سی کے اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے تحت ممنوعہ مواد کی فہرست میں شامل ہے۔
محمد نواز نے خلاف ورزی کا اعتراف کیا اور یہ بھی ثابت کیا کہ مذکورہ مادہ کھیلوں کے مقابلوں سے باہر استعمال کیا گیا تھا اور اس کا مقصد کسی بھی طرح کھیل میں کارکردگی بہتر بنانا نہیں تھا۔ اس کے نتیجے میں انہیں تین ماہ کی نااہلی کی سزا سنائی گئی جس کا اطلاق یکم مئی 2026 سے کیا گیا۔ اسی روز انہوں نے رضاکارانہ طور پر عارضی معطلی اختیار کی تھی۔ تاہم اگر وہ ممنوعہ نشہ آور مادے سے متعلق علاج کا پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیتے ہیں تو ان کی نااہلی کی مدت کم ہو کر ایک ماہ رہ جائے گی۔
سزا قبول کرنے اور علاج کے پروگرام میں شرکت کی یقین دہانی کرانے کے بعد محمد نواز کی عارضی معطلی ختم کر دی گئی ہے کیونکہ وہ پہلے ہی ڈھائی ماہ کی معطلی کا عرصہ گزار چکے ہیں۔
اگر محمد نواز آئی سی سی کے علاج کا پروگرام مکمل کر لیتے ہیں تو انہیں مزید کسی اضافی مدت کی نااہلی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے مطابق 7 فروری 2026 کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں محمد نواز کی کارکردگی اور اس کے بعد یکم مئی2026 تک کھیلے گئے تمام میچوں میں ان کے ریکارڈز کو بھی کالعدم قرار دے دیاگیا ہے۔



Leave a Reply