URDUپاکستان ویمنز ٹیم ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں ، نشرہ سندھو کی6 وکٹیں پاکستان کا نیا ریکارڈ

پاکستان ویمنز ٹیم ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں ، نشرہ سندھو کی6 وکٹیں پاکستان کا نیا ریکارڈ

پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بہترین انفرادی بولنگ کے نشرہ سندھو کے ریکارڈ کی بدولت  پاکستان ویمنز  ٹیم ہانگ کانگ  کو 72 رنز سے شکست دے کر  ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

نشرہ سندھو نے  4  اوورز میں صرف 7 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ عمیمہ سہیل کا تھا جنہوں نے 2022 میں سری لنکا کے خلاف سلہٹ میں 13 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

11 ستمبر کو ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ دفاعی چیمپئن سری لنکا سے ہوگا۔

پاکستان اور ہانگ کانگ کی  ٹیمیں پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل آئی تھیں۔

بھارت کے خلاف اپنی تاریخ کے سب سے کم اسکور 55  پر آؤٹ ہوکر 7 وکٹوں کی ہزیمت کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے سیمی فائنل تک رسائی ہانگ کانگ کو شکست دینے کی صورت میں ہی ممکن تھی ۔

ہانگ کانگ کی ٹیم پہلے ہی تھائی لینڈ سے 6 رنز سے اور بھارت سے 137 رنز سے شکست کھا چکی تھی۔اس کے لیے سیمی فائنل میں پہنچنا صرف اسی صورت میں ممکن تھا کہ وہ 144 رنز کا ہدف12.3  اوورز میں حاصل کرلے۔

پیر کے روز دبئی اسٹیڈیم میں فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم میچ سے قبل آئی سی سی کی جانب سے ان پر میچ فیس کا 10  فیصد جرمانہ عائد کیا جاچکا تھا کیونکہ انہوں نے بھارت کے خلاف میچ میں شفالی ورما کو آؤٹ کرکے پویلین واپس جانے کا اشارہ کیا تھا۔چونکہ انہوں نے دو سال کے عرصے میں دوسری مرتبہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اس لیے ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد بھی دو ہوگئی ہے۔

پاکستان نے  20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143رنز بنائے۔

جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 19 اوورز میں صرف 71 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی اننگز میں  شوال ذوالفقار  6 چوکوں کی مدد سے  47 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔

ہانگ کانگ کو تیسرے ہی اوور میں پہلی کامیابی مل گئی جب اقرا سحر نے منیبہ علی کو 6 رنز پر بولڈ کردیا۔اس طرح منیبہ علی اپنے 100  ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کو یادگار نہ بناسکیں ۔

وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والی پاکستان کی چھٹی کرکٹرز ہیں ان کے علاوہ ندا ڈار 160  بسمہ معروف140  عالیہ ریاض 114 جویریہ خان 112  اور ثنا میر 106 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں۔

تھائی لینڈ اور بھارت کے خلاف میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والی گل فیروزہ کا ایک رن پر کیچ مریم بی بی نے ڈراپ کردیا اس کے باوجود وہ اس موقع سے فائدہ نہ اٹھاسکیں اور 3 رنز پر کیری چین کی گیند پر  ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔

عائشہ ظفر26  صدف شمس 5 اور ایمان فاطمہ صرف ایک رن بناکرآؤٹ ہوگئیں۔   طوبٰی حسن   14 اور ام ہانی ایک رن بناسکیں۔

پچھلے دونوں میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے والی کپتان فاطمہ ثنا نے آؤٹ ہوئے بغیر 24  رنز کی اہم اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے شامل تھے۔

وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے باوجود پاکستان ٹیم  143 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی۔

پاکستان کی اننگز میں 50 ڈاٹ بالز شامل تھیں۔

پاکستان کی اننگز میں سب سے بڑی 47 رنز کی  پارٹنرشپ تیسری وکٹ کے لیے  عائشہ ظفر اور شوال ذوالفقار کے درمیان رہی۔

ہانگ کانگ کی طرف سے جوئلین کور نے کریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے صرف 19 رنز دے کر 4  وکٹیں حاصل کیں۔

اقرا سحر اور کیری چین  نے بالترتیب 27  اور 33 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگ کانگ  کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں فاطمہ ثنا نے ماریکو ہل کو صفر پر بولڈ کردیا۔

سعدیہ اقبال نے بھی اپنے پہلے اوور میں وکٹ لینے کی روایت قائم رکھی اور کپتان  نتاشہ مائلز کو ایک رن پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔

دو اوورز میں دو وکٹیں گرنے کے بعد ہانگ کانگ کے لیے سنبھلنا مشکل ہوگیا۔ نشرہ سندھو نے مڈل اوورز میں اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ  جاری رکھتے ہوئے ہانگ کانگ کی ٹیم کو مکمل طور پر بے بس کردیا۔

انہوں نے اپنے تیسرے اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں اور پھر اپنے آخری اوور میں انہوں نے تین وکٹیں حاصل کرڈالیں۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی بہترین بولنگ 18 رنز کےعوض 4  وکٹیں2023 میں آئرلینڈ کے خلاف کیپ ٹاؤن میں تھی۔

ہانگ کانگ کی طرف سے  کیری چین 30  رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.