پاکستان ویمنز کو ویسٹ انڈیز کے بعد آئرلینڈ سے بھی شکست
ڈبلن ۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں آئرلینڈ ویمنز کے خلاف 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ اس سیریز میں اس کی دوسری شکست ہے ۔پہلے میچ میں اسے ویسٹ انڈیز ویمنز نے 25 رنز سے ہرادیا تھا۔
آئرلینڈ ویمنز کی اس سیریز میں یہ پہلی کامیابی ہے۔ پہلے میچ میں اسے ویسٹ انڈیز کے خلاف آٹھ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔
اتوار کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 176 رنز بنائے جو اس کا آئرلینڈ کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل اس نے گزشتہ سال ڈبلن ہی میں6 وکٹوں پر 168 رنز بنائے تھے۔
جواب میں آئرلینڈ نے19 اعشاریہ ایک اوورز میں 3 وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
گل فیروزہ نے پاکستان کی اننگز کی ابتدا جارحانہ انداز میں کی تاہم وہ 15 گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ عائشہ ظفر صرف 6 رنز بناپائیں۔
منیبہ علی اور سائرہ جبین نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 88 رنز کا اضافہ کیا۔
منیبہ علی کا فارم میں واپس آنا ٹیم کے لیے خوش آئند ہے۔ انہوں نے 41گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے65 رنز اسکور کیے۔
اگست 2025 میں آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن ہی میں سنچری بنانے کے بعد آٹھ اننگز میں یہ ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
سائرہ جبین نے 4 چوکوں کی مدد سے36 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان فاطمہ ثنا نے 2 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔
عالیہ ریاض 4 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں ۔ ارم جاوید ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہیں۔یہ دونوں آخری اوور میں صرف 3 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکیں۔
ایوا کیننگز 35 رنز کے عوض2 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہیں۔
آئرلینڈ کا آغاز بھی جارحانہ تھا۔ایمی ہنٹر اور الانا ڈیلزل نے صرف4.5 اوورز میں 44 رنز بناڈالے جس میں الانا صرف 8 رنز بناکر رامین شمیم کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
ہنٹر 44گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 56 رنز بناکر عائشہ ظفر کی گیند پر فاطمہ ثنا کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔ یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چھٹی نصف سنچری ہے۔
انہوں نے ریبیکا اسٹوکل کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 51 رنز کا اضافہ کیا۔ ریبیاکا نے 60 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں جس میں 7 چوکے شامل تھے۔
کپتان اورلا پرینڈرگاٹ نے چھ چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے۔انہوں نے ریبیکا کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 77 رنز کا اضافہ کیا۔
عائشہ ظفر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز اپنا تیسرا میچ 3 جون کو ویسٹ انڈیز ویمنز کے خلاف کھیلے گی جبکہ 4 جون کو اس کا آخری لیگ میچ آئرلینڈ ویمنز کے خلاف ہوگا۔
اس سہ فریقی سیریز کے بعد پاکستان ویمنز ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لے گی جہاں اس کا پہلا میچ 14 جون کو بھارت کے خلاف ہوگا۔



Leave a Reply