نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی: کانکررز اور انونسیبلز کی کامیابی
لاہور۔ نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں جمعرات کے روز کھیلے گئے میچوں میں کانکررز نے اسٹرائیکرز کو 18 رنز سے ہرادیا ۔انونسیبلز نے دفاعی چیمپئن اسٹارز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
غنی گلاس کرکٹ گراؤنڈ میں کانکررز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 177 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثنا نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 36گیندوں پر67 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ کومل خان نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔
رابعہ رانی نے22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں اسٹرائیکرز 20 اوورز میں9 وکٹوں پر 159 رنز بنا پائی۔
عالیہ ریاض نے 2چوکوں اور 4چھکوں کی مدد سے 52 رنز اسکور کیے۔انوشے ناصر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
فاطمہ ثنا نے پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔
باغ جناح میں کھیلے گئے میچ میں اسٹارز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 64رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ایشا نعیم نے19 رنز بنائے۔ مومینہ ریاست اور صائمہ ملک نے بالترتیب 10 اور12 رنز دے کر چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
انونسیبلز نے دو وکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ارم جاوید 30 اور ماہم انیس23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
مومینہ ریاست اور صائمہ ملک مشترکہ طور پر پلیئرز آف دی میچ رہیں۔
جمعہ کو بھی دو میچز کھیلے جائیں گے۔ باغ جناح میں انونسیلبز اور کانکررز کے درمیان میچ ہوگا جبکہ غنی گلاس کرکٹ گراؤنڈ میں چیلنجرز کی ٹیم اسٹارز سے مقابلہ کرے گی۔



Leave a Reply