پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز جمعہ سے شروع
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں چھٹے نمبر کی پاکستان ٹیم جمعہ کو نویں نمبر کی ٹیم سری لنکا کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل ہوگی۔
سیریز کے بقیہ دو میچز 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی ہی میں کھیلے جائیں گے۔ تینوں میچز شام چھ بجے شروع ہونگے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان ، سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں 18 اکتوبر سے سہ فریقی ون ڈے سیریز میں مدمقابل ہونگی۔
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ صاحبزادہ فرحان کا کپتان کی حیثیت سے دوسرا اسائنمنٹ ہے۔ اس سے قبل وہ ایشین گیمز میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں جس میں پاکستان کو فائنل میں بھارت کے خلاف 19 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان کے علاوہ صائم ایوب ۔ معاذ صداقت۔فخرزمان۔ حسن نواز۔ خواجہ نافع۔عبدالصمد۔ رضاء اللہ۔ عمران رندھاوا۔ نسیم شاہ۔ سلمان مرزا۔ شاداب خان۔ ابرار احمد ۔ عرفات منہاس اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کوسال مینڈس کررہے ہیں اور وہی اس ٹیم کے سب سے تجربہ کار بیٹر ہیں جنہوں نے109 ٹی ٹوئنٹی انٹرنشینل میں 20 نصف سنچریوں کی مدد سے 2694 رنز بنائے ہیں۔
اس کے سب سے تجربہ کار اسپنر وانندو ہسارنگا ان فٹ ہونے کے سبب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ان کی جگہ لیگ اسپنر وجے کانتھ ویاس کانتھ کو شامل کیا گیا ہے۔
21 سالہ اوپنر سینتھ جے جے وردھنے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میں عمدہ پرفارمنس پر ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔
سری لنکن ٹیم میں کوئی بھی بولر سو وکٹیں حاصل نہیں کرسکا ہے۔دشمنتھا چمیرا کی 99 وکٹیں ہیں جبکہ مہیش ٹھیکشانا کی 88 وکٹیں ہیں۔اسطرح دیکھا جائے تو دونوں ٹیموں میں سب سے زیادہ 123 وکٹیں شاداب خان کی ہیں۔
اسی طرح اس سری لنکن ٹیم میں کسی بھی بیٹر کی سنچری بھی نہیں ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مجموعی طور پر 30 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نے 18 جیتے ہیں سری لنکا 12 میں کامیاب رہا ہے۔
اگر ہم اس سال دونوں ٹیموں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کارکردگی کا جائزہ لیں تو پاکستان نے اس سال مجموعی طور پر16 ٹی ٹوئنٹی کھیلے ہیں جن میں 9 جیتے ہیں اور4 میں اسے شکست ہوئی ہے 3 کا نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا۔
سری لنکا نے اس سال 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں اس نے صرف 6 جیتے ہیں اور 14 میں اسے شکست ہوئی ہے۔ 2 کا نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری دو طرفہ ٹی ٹوئنٹی سیریز اسی سال جنوری میں سری لنکا میں کھیلی گئی تھی جو ایک ایک سے برابر رہی تھی۔



Leave a Reply