URDUبنگلہ دیش نے پاکستان کو 78 رنزسے ہراکر کلین سوئپ کرلیا

بنگلہ دیش نے پاکستان کو 78 رنزسے ہراکر کلین سوئپ کرلیا

سلہٹ ۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کو سلہٹ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں 78 رنز سے شکست دے دی ۔اس کے ساتھ ہی اس نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ بھی کرلیا۔
یاد رہے کہ اس نے ڈھاکہ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 104 رنز سے جیتا تھا۔
بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف یہ لگاتار دوسری ٹیسٹ سیریز ہے جس میں اس نے کلین سوئپ کیا ہے۔ اس نے 2024میں پاکستان میں کھیلی گئی سیریز بھی دو صفر سے جیتی تھی۔
پاکستان ٹیم شان مسعود کی قیادت میں 12 واں ٹیسٹ ہاری ہے۔
پاکستان کو جیتنے کے لیے 437 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم 358 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اگر پاکستان ٹیم یہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی تو یہ سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے کامیابی کا ریکارڈ ہوتا۔ ٹیسٹ میں سب سے بڑا کامیاب ہدف 418 رنز کا ہے جو 2003 میں ویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کے خلاف انٹیگا ٹیسٹ میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔
پاکستان نے چوتھے دن کا اختتام 316 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پرکیا تھا۔ اسے جیت کے لیے مزید121 رنز بنانے تھے دوسری جانب بنگلہ دیش کو جیت کے لیے صرف تین وکٹیں درکار تھیں۔
محمد رضوان نے 75 اور ساجد خان نے 8 رنز پر اننگز شروع کی تو دوسری ہی گیند پر رضوان کا ایک مشکل چانس گلی پوزیشن پر کیچ میں تبدیل نہ ہوسکا جس کے بعد دونوں بیٹسمینوں نے اٹیک شروع کیا۔ رضوان نے ناہید رانا کو اور ساجد خان نے تسکین احمد کو لگاتار دو چوکے لگائے اور فتح کےلیے درکار ہدف کو کم کرتے چلے گئے۔
رضوان اور ساجد نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 54 رنز کا اضافہ کیا۔
یہ شراکت تائیج الاسلام نے ساجد خان کو سلپ میں نجم الحسین شانتو کے ہاتھوں کیچ کراکر ختم کی یہ ان کی اننگز میں پانچویں وکٹ تھی۔ ساجد خان نے 5 چوکوں کی مدد سے28 رنز بنائے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 358 کے اسکور پر گری جس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کو جیت کے لیے اب بھی 79 رنز درکار تھے لیکن اگلے ہی اوور میں پاکستان کی آخری امید بھی دم توڑ گئی جب شریف الاسلام نے رضوان کو94 رنز پر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
رضوان کی 166 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔اسطرح وہ چھ رنز کی کمی سے اپنی چوتھی سنچری مکمل نہ کرپائے۔
بنگلہ دیش کو آخری وکٹ کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑا اور تائیج الاسلام نے اپنے اگلے ہی اوور میں خرم شہزاد کو صفر پر تنزید حسن کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
پاکستان کی آخری تین وکٹیں بغیر کسی اضافے کے 358 کے اسکور پر گریں۔
تائیج الاسلام نے120 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ چوتھے روز انہوں نے بابراعظم شان مسعود اور سلمان آغا کی اہم وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں 187 رنز کے عوض حاصل کیں۔انہوں نے18 ویں مرتبہ ٹیسٹ کی ایک اننگز میں پانچ یا زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.