پریذیڈنٹ ٹرافی میں کے آر ایل کی جیت ، ہاشم ابراہیم اور علی زریاب آصف کی سنچریاں
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے چھٹے راؤنڈ کے تیسرے دن کے آر ایل نے پی ٹی وی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کے آر ایل کو پی ٹی وی کے خلاف جیتنے کے لیے 224 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
افتخار احمد نے 12 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔عمران رفیق نے 50 ناٹ آؤٹ اور عاصم علی ناصر نے 47 رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل پی ٹی وی کی ٹیم دوسری اننگز میں 132 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عباس علی 38 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔
ثاقب خان نے 37 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ارشد اقبال نے تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں اسٹیٹ بینک کی ٹیم ایم آئی ٹی سلیوشنز کے 376 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ رمیز عزیز نے 84 رنز اسکور کیے۔علی شان 59 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔
خالد عثمان نے 70 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ایم آئی ٹی نے کھیل ختم ہونے پر دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 98 رنز بنائے تھے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کے چھٹے راؤنڈ کے مزید دو میچز بدھ سے شروع ہوگئے۔
رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں غنی گلاس نے کنگز مین اکیڈمی کے خلاف پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 273 رنز بنائے تھے۔ ہاشم ابراہیم نے ایک چھکے اور 19 چوکوں کی مدد سے 132 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔عبدالرافع نے 50 رنز بنائے۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں اوجی ڈی سی ایل نے ایس این جی پی ایل کے خلاف 5 وکٹوں پر 239 رنز بنائے تھے۔علی زریاب آصف نے 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز اسکور کیے۔ محمد سرور 48 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں ۔


Leave a Reply