پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ میں جے ڈی ڈبلیو کو ایشال ایسوسی ایٹس کے خلاف 4 وکٹوں سے شکست
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ میں جے ڈی ڈبلیو کو ایشال ایسوسی ایٹس کے خلاف اپنے چوتھے اور آخری گروپ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔یہ اس کی گروپ مرحلے میں دوسری شکست ہے۔
ایشال ایسوسی ایٹس کو جیتنے کے لیے 152 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔اس کی جانب سے عثمان خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 14 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 86 رنز بنائے ۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں میچ کے تیسرے اور آخری دن جے ڈی ڈبلیو نے اپنی دوسری اننگز 122 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور پوری ٹیم 178 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔حسیب احمد 45 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔عثمان صلاح الدین نے 39 اور محمد ذوالکیفل نے 24 رنز اسکور کیے۔
زاہد بشیر نے چار اور محمد عمیر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس ٹورنامنٹ میں جے ڈی ڈبلیو نے اپنا پہلا میچ حیدر کرکٹ کلب کے خلاف 10 وکٹوں سے جیتا تھا۔ کنگزمین کے خلاف اس کا دوسرا میچ ڈرا ہوا تھا جبکہ نیشنل بینک کے خلاف تیسرے میچ اسے 117 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔



Leave a Reply