پاکستان ویمنز کا زمبابوے ویمنز کے خلاف کلین سوئپ
کراچی ۔ اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس کی ایک اور شاندار اوپننگ پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان ویمنز نے زمبابوے ویمنز کے خلاف تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل 9 وکٹوں سے جیت لیا۔
یہ تیسرا موقع ہے کہ پاکستان نے کسی ون ڈے انٹرنیشنل میں وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان ویمنز کے پاس ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی بار 10 وکٹوں سے کامیابی کا سنہری موقع تھا لیکن صدف شمس کے90 رنز پر آؤٹ ہونے سے دو نئے ریکارڈز قائم ہونے سے رہ گئے۔ ایک 10 وکٹوں کی جیت کا نہ ہونا اور دوسرا ریکارڈ اوپننگ پارٹنرشپ کا نہ بننا۔
صدف شمس اور گل فیروزہ کی یہ شراکت 220 رنز کی رہی جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ویمنز کی کسی بھی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت 221 رنز کی ہے جو سدرہ امین اور منیبہ علی نے2022 میں آئرلینڈ ویمنز کے خلاف قائم کی تھی جو پہلی وکٹ کے لیے تھی۔
ہفتے کے روز نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے فاطمہ ثنا کو آرام دیتے ہوئے منیبہ علی کو قیادت کی ذمہ داری سونپی۔ مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 222 رنز بنائے جو اس سیریز میں اس کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
جواب میں پاکستان ویمنز نے 31 اعشاریہ 5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
زمبابوے ویمنز کی اننگز کی خاص بات بیلووڈ بیزا اور کیلس این لووو کی نصف سنچریاں تھیں۔ بیزا جنہوں نے پہلے میچ میں 53 رنز بنائے تھے اسمرتبہ 12 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔
کیلس این لووو نے 8 چوکوں کی مدد سے51 رنز اسکور کیے۔ ان دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ کیا۔
کپتان سبانڈا نے 35 ناٹ آؤٹ اور ایڈل زیمونو نے 23 رنز اسکور کیے۔
تسمیہ رباب نے جو اپنا تیسرا ون ڈے کھیل رہی تھیں کریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 49 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں ۔
عائشہ ظفر اور عروب شاہ نے بالترتیب 13 اور 36 رنز دے کردو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ویمنز کی اننگز میں اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سیریز میں لگاتار تیسری سنچری پارٹنرشپ قائم کی۔ اس مرتبہ ان دونوں نے 220 رنز کا اضافہ کیا۔اس سے قبل ان دونوں نے 162 اور 189 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
گل فیروزہ نے 16 چوکوں کی مدد سے 106 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔اس سے قبل انہوں نے پہلے میچ میں 50 اور دوسرے میچ میں 100 رنز اسکور کیے تھے۔
صدف شمس 13 چوکوں کی مدد سے 90 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئیں۔ یہ ان کی پچاس یا زائد رنزکی لگاتار پانچویں اننگز ہے۔
کپتان منیبہ علی وننگ چوکے کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان ویمنز نے پہلا ون ڈے 168 رنز سے اور دوسرا ون ڈے 206 رنز سے جیتا تھا۔
اب دونوں ٹیمیں تین ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہونگی تینوں میچز 12۔14 اور 15 مئی کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کے لیے فاطمہ ثنا کی قیادت میں پندرہ رکنی پاکستان اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے دیگر کھلاڑی یہ ہیں۔ امبر کائنات۔ عالیہ ریاض۔ عائشہ ظفر۔ ایمان فاطمہ ۔گل فیروزہ ۔ ارم جاوید۔ منیبہ علی ( وکٹ کیپر) نشرہ سندھو۔ نتالیہ پرویز۔ رامین شمیم ۔ سعدیہ اقبال۔ سائرہ جبین ۔تسمیہ رباب اور طوبٰی حسن۔
ریزرو کھلاڑیوں میں ڈیانا بیگ۔ مومنہ ریاست ۔ صدف شمس۔ سدرہ امین اور عروب شاہ شامل ہیں۔



Leave a Reply