نیشنل چیمپئنز کپ : پاکستان بلوز نے پاکستان گولڈ کو 6 وکٹوں سے ہرادیا، صاحبزادہ فرحان کی سنچری
ملتان ۔ نیشنل چیمپئنز کپ کے دوسرے میچ میں پاکستان بلوز نے حسن علی اور سفیان مقیم کی عمدہ بولنگ اور پھر کپتان صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کے نتیجے میں پاکستان گولڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے میچ کا ٹاس پاکستان گولڈ کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
گولڈ کی ٹیم 45.3 اوورز میں 212 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں بلوز نے 41.4 اوورز میں چار وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
گولڈ کی اننگز میں کامران غلام اور شامل حسین نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
شامل حسین نے 47گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
کامران غلام نے 84گیندوں پر 63 رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 6 چوکے شامل تھے۔حیدر علی 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آخری لمحات میں ٹیم میں شامل کیے جانے والے خواجہ نافع نے ایک بار پھر مایوس کیا اور وہ صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔عبدالصمد بھی صرف 7 رنز بناپائے۔
حسن علی نے اپنے 100 ویں لسٹ اے ون ڈے میچ میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے8.3 اوورز میں 32 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے ساتویں مرتبہ میچ میں چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔
لیفٹ آرم اسپنر سفیان مقیم نے ایک بار پھر عمدہ پرفارمنس دیتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 37 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے چوتھی مرتبہ لسٹ اے کے میچ میں چار وکٹیں حاصل کی ہیں۔
عرفات منہاس نے 36 رنز کے عوض 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔
بلوز کی اننگز میں معاذ صداقت کے9 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کپتان صاحبزادہ فرحان اور محمد فائق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 55 رنز کا اضافہ کیا۔ محمد فائق چار چوکوں کی مدد سے 30رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔
صاحبزادہ فرحان نے 101 گیندوں پر 102 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ یہ لسٹ اے ون ڈے میں ان کی 9 ویں سنچری ہے۔وہ جب آؤٹ ہوئے تو بلوز کو جیت کے لیے صرف 19 رنز درکار تھے۔
طیب طاہر 3 چوکوں کی مدد سے 35 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنے کپتان کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 64 رنز کا اضافہ کیا۔
روحیل نذیر 21 اور عرفان خان نیازی 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
محمد عمران رندھاوا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین آفریدی 7 اوورز میں29 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
جمعرات کے روز ٹورنامنٹ کا تیسرا میچ پاکستان بلوز اور پاکستان وائٹس کے درمیان کھیلا جائے گا۔



Leave a Reply