پی ایس ایل 11 : راولپنڈیز کی لگاتار پانچویں شکست
کراچی : پاکستان سپر لیگ 11 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے راولپنڈیز کو 61 رنز سے شکست دے دی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں راولپنڈیز کی محمد رضوان کی قیادت میں لگاتار پانچویں شکست ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ میچوں میں دوسری کامیابی حاصل کی ہے اور وہ چار پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔
جمعہ کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر182 رنز بنائے۔
جواب میں راولپنڈیز17 اعشاریہ 3 اوورز میں121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگزمیں رائلے روسو ۔ کپتان سعود شکیل اور حسن نواز کا حصہ نمایاں رہا۔ رائلے روسو نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے53 رنز بنائے۔کپتان سعود شکیل نے3 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔
حسن نواز نے 5 چھکوں کی مدد سے صرف 16 گیندوں پر 39 رنز بناکر اسکور کو آگے بڑھایا جس کے بعد جہانداد خان نے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 21 رنز کی اننگم کھیل کر اسکور کو 182 تک پہنچادیا۔
راولپنڈیز کی طرف سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے بین سیئرز 41 رنز کے عوض 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ محمد عامر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈیز کا آغاز مایوس کن تھا۔ اننگز کی پہلی ہی گیند پر کپتان محمد رضوان جہانداد خان کی گیند پر رائلے روسو کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔اس ٹورنامنٹ میں محمد رضوان پانچ اننگز میں صرف 45 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔
اس پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عثمان خواجہ صرف 7 رنز بناکر حسن نواز کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے ۔ یاسرخان ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے22 رنز بناکر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔راولپنڈیز پاور پلے میں 46 رنز پر تین وکٹیں گنواچکی تھیں۔
کپتان محمد رضوان کے بار بار ناکام ہونے کے باوجود عبداللہ فضل کا بیٹنگ آرڈر اوپر نہیں آسکا ہے ۔ اس مرتبہ بھی وہ پانچویں نمبر پر کھیلے اور ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ڈیرل مچل 30 سام بلنگز ایک اور آصف آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے ۔ راولپنڈیز نے یہ تینوں وکٹیں 82 کے اسکور پر گنوائیں۔
سعد مسعود نے ہاتھ کھولے لیکن 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31 رنز کی اننگز کا ٹیم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
سعود شکیل نے ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ جہانداد خان اور عثمان طارق بھی دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پلیئرآف دی میچ ایوارڈ رائلے روسو نے حاصل کیا۔
ہفتے کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کا سامنا کرے گی۔



Leave a Reply