پریذیڈنٹ ٹرافی: محمد فاروق کے 14 چھکے، فرسٹ کلاس کرکٹ میں پاکستان کا نیا ریکارڈ
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے دن ایم آئی ٹی سلیوشنز کے محمد فاروق نے کے آر ایل کے خلاف اپنی 163 رنز کی شاندار اننگز میں 14 چھکے مارکر پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
یہ کسی بھی پاکستانی بیٹر کے فرسٹ کلاس کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ اس سے قبل 1967میں ماجد خان نے پاکستان ٹیم کی طرف سے گلیمورگن کے خلاف سوانسی میں کھیلے گئے فرسٹ کلاس میچ میں 13 چھکے مارے تھے جبکہ ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میچ میں 77-1976 میں ریلویز کے گلفراز خان نے پاکستان یونیورسٹیز کے خلاف ایک اننگز میں 12 چھکے مارے تھے۔ 14-2013 میں خالد لطیف نے بھی پورٹ قاسم کی طرف سے یوبی ایل کے خلاف ایک اننگز میں 12 چھکے مارے تھے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں وسیم اکرم زمبابوے کے خلاف ایک اننگز میں 12 چھکے مارچکے ہیں۔
شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں محمد فاروق کے14 چھکوں اور 11چوکوں کی مدد سے صرف 99 گیندوں پر بنائے گئے 163 رنز کے علاوہ سلمان خان نے 106 رنز ناٹ آؤٹ اور عتیق الرحمن نے 142 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 242 رنز کا اضافہ کیا اسطرح ایم آئی ٹی سلیوشنز نے کے آر ایل کے خلاف پہلی اننگز میں 4 وکٹوں پر 476 رنز بنائے تھے۔ محمد فاروق کی اس ٹورنامنٹ میں یہ دوسری سنچری ہے۔
یہ کہا جارہا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی اوجی ڈی سی ایل کی طرف سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی پریذیڈنٹ ٹرافی کے دوسرے راؤنڈ سے ہوگی لیکن وہ دوسرے راؤنڈ کا میچ نہیں کھیل رہے ہیں ۔ان کے بارے میں یہ اطلاع ہے کہ وہ 24 ستمبر سے شروع ہونے والے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں دستیاب ہونگے جس میں اوجی ڈی سی ایل کی ٹیم کے آر ایل کے مقابل ہوگی۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی دوسرے راؤنڈ کا میچ نہیں کھیل رہے ہیں ۔وہ کے آر ایل کے اسکواڈ میں شامل ہیں۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایس این جی پی ایل کی ٹیم غنی گلاس کے خلاف پہلی اننگز میں 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔سمیر منہاس 53 اور محمد عمران 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔شعیب اختر جونیئر نے34 رنز دے کر 5 اور خرم شہزاد نے42 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔
غنی گلاس نے کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹوں کے نقصان 192 رنز بنائے تھے۔
شرجیل خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 25 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے156 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم ایبٹ آْباد میں اسٹیٹ بینک نے پی ٹی وی کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں پر 278 رنز بنائے تھے۔
حسن رضا نے 75 اور غازی غوری نے 66 رنز اسکور کیے۔
عماد بٹ اور محمد موسٰی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں کنگز مین اکیڈمی کی ٹیم اوجی ڈی سی ایل کے خلاف پہلی اننگز میں 215 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔محمد طیب نے 3 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 105 رنز بنائے۔محمد عامر خان نے 51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ حسنین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
او جی ڈی سی ایل نے کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں پر 57 رنز بنائے تھے۔



Leave a Reply