پاکستان نے سہ فریقی ون ڈے سیریزجیت لی ، فائنل میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست
فخرزمان کا تجربہ اور نوجوان کرکٹرز سعد بیگ اور عرفات منہاس کا ٹیلنٹ سر چڑھ کر بولا ، حسن نواز بھی کسی طرح پیچھے نہ رہے اور پاکستان نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔
فخرزمان نے شاندار سنچری اسکور کی ۔ سعد بیگ نے 74رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد عرفات منہاس اور حسن نواز کی 94 رنز کی شاندار پارٹنرشپ نے جیت پر مہر تصدیق ثبت کردی۔
پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر سہ فریقی ون ڈے سیریز نہ جیتنے کا جمود بالآخر توڑ دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہفتے کے روز شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ دی۔
کوسال مینڈس اس دورے میں پہلی مرتبہ ٹاس ہارے ہیں۔اس سے قبل انہوں نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز اور سہ فریقی سیریز کے چاروں لیگ میچز میں ٹاس جیتے تھے۔
دونوں ٹیمیں ایک ایک تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتریں ۔ شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف ٹیم میں شامل کیے گئے جبکہ سری لنکا نے ایشان مالنگا کی جگہ مہیش ٹیکشانا کو ٹیم میں شامل کیا۔
سری لنکا نے 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 325 رنز بنائے۔
پاکستان نے 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کے لیے اوپننگ پارٹنرشپ ایک بار پھر بڑا مسئلہ بنی اور اس سے بڑا مسئلہ بابراعظم کا بڑی اننگز نہ کھیلنا۔
اوپنر معاذ صداقت ٹی ٹوئنٹی کی کارکردگی کو ون ڈے میں منتقل نہیں کرسکے ہیں۔ وہ صرف 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور پھر سری لنکا کو بابراعظم کی صفر پر بڑی وکٹ بھی مل گئی۔ یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کا ساتواں صفر ہے۔ ان دونوں کو مادوشانکا نے رتنائیکے کے کیچز کی مدد سے آؤٹ کیا۔
فخرزمان نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی یہ بات درست ثابت کردی کہ وہ بڑے میچ کے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 99گیندوں پر 11 چوکوں اور 6چھکوں کی مدد سے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ یہ ان کی ون ڈے انٹرنیشنل میں 12 ویں سنچری ہے۔
فخرزمان کی شاندار اننگز مادوشانکا نے بولڈ کرکے ختم کی۔اسوقت پاکستان کا اسکور 4 وکٹوں پر 220 رنز تھا۔
نوجوان سعد بیگ نے بھی بھرپور اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی ان کے پہلے چار اسکورنگ شاٹس چوکے تھے۔وہ 11 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بناکرٹیکشانا کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔انہوں نے فخرزمان کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 149 رنز کا اضافہ کیا۔
فخرزمان اور سلمان علی آغا کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 57 رنز بنے۔
سلمان علی آغا 25 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کسی چوکے کے 17 رنز پر ویلالاگے کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
سلمان علی آغا پہلے میچ میں سنچری کے بعد چار اننگز میں 16 ۔26 ۔9۔ اور 17 رنز ہی بنا پائے ہیں ۔
حسن نواز اور عرفات منہاس نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی ۔
حسن نواز نے 45گیندوں پر2 چوکوں کی مدد سے 37 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
عرفات منہاس نے 31 گیندوں پر 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔یہ اس سیریز میں ان کی دوسری نصف سنچری ہے۔
اسیتھا فرنینڈو نے لگاتار گیندوں پر عرفات منہاس اور فہیم اشرف کو آؤٹ کردیاجس کے بعد شاہین آفریدی کے چھکے نے میچ کو اس نتیجے پر ختم کیا جو ہر کوئی دیکھنا چاہتا تھا۔
اس سے قبل سری لنکا کی اننگز میں اویشکا فرنینڈو اور کامندو مینڈس نے ٹیم کو87 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ فرنینڈو 38 رنز بناکر سلمان علی آغا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
آغا نے کپتان کوسال مینڈس کی8 رنز پر اہم وکٹ بھی اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے حاصل کرلی لیکن دوسرے اینڈ پر ثابت قدمی سے جمے ہوئے کامندو مینڈس نے پورن رتنائیکے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 146 رنز بناکر سری لنکا کی پوزیشن بہتر بنادی۔
کامندو مینڈس نے فہیم اشرف کو چوکا لگاکر ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی پہلی سنچری مکمل کی۔اس سے قبل وہ اس فارمیٹ میں پانچ نصف سنچریاں اسکور کرچکے تھے۔
کامندو مینڈس 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 131 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اسوقت سری لنکا کا اسکور3 وکٹوں پر 255 رنز تھا۔
پون رتنائیکے نے اس سیریز میں اپنی شاندار فارم کو برقرار رکھتے ہوئے 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے تھے ۔ انہیں حارث رؤف کی گیند پر بابراعظم نے کیچ کیا۔
اس سیریز میں انہوں نے انگلینڈ کے خلاف دو سنچریاں اور پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں79 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
داسون شاناکا نے شاہین آفریدی کو چھکے کے ساتھ اننگز کی ابتدا کی اور حارث رؤف کے اگلے اوور میں دو چوکے لگائے لیکن شاہین آفریدی 17 رنز پر انہیں معاذ صداقت کے ہاتھوں کیچ کرانے میں کامیاب ہوگئے۔
سری لنکا نے 20 گیندوں پر صرف 28 رنز کے اضافے پر کامندو مینڈس۔ داسون شانکا اور پون رتنائیکے کی اہم وکٹیں گنوائیں جس سے رنز کی رفتار تھم گئی۔
سری لنکا کی ٹیم آخری 10 اوورز میں پاکستان کی عمدہ بولنگ کے سبب 6 وکٹیں گنواکر اسکور میں 87 رنز کا اضافہ کرپائی ۔
شاہین آفریدی 50 رنز سلمان علی آغا 44 رنز اور حارث رؤف 60رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ نسیم شاہ نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں لیکن ان دو وکٹوں کے لیے 80 رنز دے ڈالے۔ عرفات منہاس 10 اوورز میں 64 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ فہیم اشرف نے صرف 3 اوورز میں 23 رنز دے دیے۔



Leave a Reply