پریذیڈنٹ ٹرافی کے پہلے روز سلمان علی آغا اور فِخرزمان کی سنچریاں
سلمان علی آغا نے پریذیڈنٹ ٹرافی کے پہلے ہی روز سنچری بناکر یہ ثابت کردیا کہ وہ مشکلات کا مقابلہ اپنی کارکردگی سے کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
سلمان علی آغا نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں بابراعظم کی غیرموجودگی میں پاکستان ٹیم کی قیادت سنبھالی تھی لیکن لارڈز کے اگلے ہی ٹیسٹ میں وہ ٹیم سے ڈراپ کردیے گئے اور پھر وہ ان سات کھلاڑیوں میں شامل تھے جنہیں دورے کے درمیان ہی وطن واپس روانہ کردیا گیا تھا۔
ہفتے کے روز کنگزمین اکیڈمی نے ایم آئی ٹی سلیوشنز کے خلاف ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں چار روزہ میچ کے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر 3 وکٹوں پر257 رنز بنالیے تھے ۔
سلمان علی آغا 16 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ یہ ان کی18 ویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔ وہ محمد سلیمان کے ساتھ چوتھی وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں185 رنز کا اضافہ کرچکے ہیں۔سلیمان 2چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے83 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کے پہلے راؤنڈ کے پہلے روز بننے والی ایک اور سنچری فخرزمان کی تھی جنہوں نے کے آر ایل کی طرف سے غنی گلاس کے خلاف عمران خان اسٹیڈیم پشاور میں کھیلے جانے والے میچ کی پہلی اننگز میں 16 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 128رنز اسکور کیے۔ یہ ان کی 7 ویں فرسٹ کلاس سنچری ہے۔
عمران رفیق 95رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹر عاصم علی ناصر 51 رنز پر موجود ہیں۔
کے آر ایل نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر5 وکٹوں پر371 رنز بنائے تھے۔
ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں پی ٹی وی نے اوجی ڈی سی ایل کے خلاف45 اوورز کی بیٹنگ میں 3 وکٹوں پر 131 رنز بنائے تھے۔محمد طحہ 53 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں اسٹیٹ بینک نے ایس این جی پی ایل کے خلاف19 اوورز کی بیٹنگ میں3 وکٹوں پر44 رنز بنائے تھے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں میچز بارش اور گیلی فیلڈ کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوئے تھے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں ایس این جی پی ایل۔ پی ٹی وی ۔ اسٹیٹ بینک۔ اوجی ڈی سی ایل۔ غنی گلاس ۔ کنگزمین اکیڈمی۔ کے آر ایل اور ایم آئی ٹی سلیوشنز شامل ہیں۔
امام الحق اور محمد رضوان کو اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ملی ہے۔ ان کے خلاف اس وقت سائبرکرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں تفتیش جاری ہے ۔امام الحق کو اوجی ڈی سی ایل نے کپتان مقرر کیا تھا ان کی جگہ روحیل نذیر قیادت کررہے ہیں۔ محمد رضوان ایس این جی پی ایل کی ٹیم کے نائب کپتان تھے۔ شان مسعود کی غیرموجودگی میں کامران غلام کپتانی کررہے ہیں۔
ٹورنامنٹ کا پانچ روزہ فائنل 24سے 28 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔



Leave a Reply