ویمنز سپر تھری ٹی ٹوئنٹی : واریئرز کی کامیابی ، ایمان فاطمہ کے 88 رنز
پی سی بی ویمنز سپر تھری ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں واریئرز نےچیمپئنز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
یاد رہے کہ پہلے میچ میں چیمپئنز نے انکریڈیبلز کو 5 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جمعرات کےروز چیمپئنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 164رنز بنائے۔ شوال ذوالفقار نے 40 رنز اسکور کیے جس میں 3 چھکے اور 2چوکے شامل تھے۔
سائرہ جبین نے 33 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے۔
نجیہہ علوی نے آؤٹ ہوئے بغیر 2 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 51 رنز کا اضافہ کیا۔
واریئرز نے19.5 اوورز میں 5 وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔ایمان فاطمہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 39گیندوں پر 88 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہیں۔ان کی اننگز میں 8چھکے اور 5چوکے شامل تھے۔
ٹورنامنٹ کا تیسرا میچ جمعہ کو انکریڈیبلز اور واریئرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔



Leave a Reply