سہ فریقی ون ڈے سیریز : انگلینڈ نے سری لنکا کو55 رنز سے ہرادیا
انگلینڈ نے جاتے جاتے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر سہ فریقی ون ڈے سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
یاد رہے کہ سہ فریقی ون ڈے سیریز کا فائنل ہفتے کے روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
سری لنکا کے کپتان کوسال مینڈس نے سیریز میں چوتھی مرتبہ ٹاس جیتا اور انگلینڈ کو بیٹنگ دی جس نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 386رنز بنائے۔
سری لنکا کی ٹیم 45.1 اوورز میں331 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
بین ڈکٹ نے 24 چوکوں کی مدد سے 167 رنز اسکور کیے۔یہ اس سیریز میں ان کی دوسری سنچری تھی۔ انہوں نے ٹام بینٹن کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 163 رنز کا اضافہ کیا۔ بینٹن نے74 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
کپتان ہیری بروک نے44 رنز اسکور کیے۔جارڈن کاکس نے43 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کے بولرز میں اسیتھا فرنینڈو دو وکٹوں کے ساتھ کامیاب رہے لیکن سری لنکن بولرز کے لیے رنز کی رفتار کو روکنا مشکل تھا۔ ایشان مالنگا نے ایک وکٹ کے لیے101 رنز دے ڈالے۔
سری لنکا کی اننگز میں پون رتنائیکے نے ایک بار شاندار بیٹنگ کی اور اس سیریز میں دوسری اور اپنے ون ڈے کریئر کی تیسری سنچری اسکور کی تینوں سنچریاں انگلینڈ کے خلاف اسی سال بنی ہیں۔ انہوں نےپندرہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے118 رنز بنائے۔
کپتان کوسال مینڈس نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے5 چھکوں اور8 چوکوں کی مدد سے89 رنز کی اننگز کھیلی اور رتنائیکے کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 80 رنزکا اضافہ کیا۔
پون رتنائیکے جب تک کریز پر تھے سری لنکا کو جیت کی امید تھی لیکن ان کے سامنے وکٹیں گرتی رہیں اور پھر رتنائیکے کے آؤٹ ہوتے ہی انگلینڈ نے صورتحال پر قابو کرلیا۔
انگلینڈ کی طرف سے ڈاسن نے 49رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں



Leave a Reply