ٹور میچ میں پاکستان ٹیم 238 رنز بنا سکی ، بابراعظم ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب میچ سے باہر ہوگئے
بیکنہم ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کے خلاف تین روزہ میچ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں صرف 238 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی اسطرح میزبان ٹیم کو پہلی اننگز میں 67 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ۔
یاد رہے کہ سلیکٹ الیون نے پہلی اننگز میں 305 رنز بنائے تھے۔اس نے دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر دوسری اننگز میں 3و کٹوں پر 128 رنز بناکر 195 کی مجموعی برتری حاصل کرلی
پاکستان ٹیم کے لیے یہ اچھی خبر نہیں کہ کپتان بابر اعظم دائیں ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب اس میچ میں مزید حصہ نہیں لے سکیں گے۔
بابراعظم کو 5 رنز پر بیٹنگ کرتے ہوئے فاسٹ بولر مینی لمسڈین کی گیند دائیں ہاتھ پر لگی تھی جس کے سبب وہ باہر آگئے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم ڈاکٹر کی ہدایت کے تحت بابراعظم احتیاطی تدابیر کے طور پر میچ میں مزید حصہ نہیں لیں گے تاہم وہ 17 اگست کو ہیڈنگلے لیڈز میں ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے۔
پاکستان نے دوسرے دن 44 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی پہلی اننگز شروع کی لیکن اذان اویس گزشتہ روز کے اسکور 15 میں اضافہ کیے بغیر آؤٹ ہوگئے۔
امام الحق 5چوکوں کی مدد سے 37 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
عبداللہ شفیق ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے54 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔ سعود شکیل 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئےجس میں 6 چوکے شامل تھے۔سلمان علی آغا 14 رنز بناسکے۔اویس ظفر صفر اور عامر جمال 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمد رضوان نے 22 اور غازی غوری نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔
آف اسپنر شعیب بشیر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 76 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
سلیکٹ الیون کی دوسری اننگز میں ایمیلیو گے، بغیر کوئی رن بنائے محمد علی کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے اس طرح انہوں نے اس میچ میں پیئر حاصل کیا۔
کپتان ٹام ہینز کو 12 رنز پر ساجد خان نے بولڈ کیا۔
جیمز ریو نے 40 اور کیلب فالکنر نے 52 رنز اسکور کیے۔ فالکنر نے پہلی اننگز میں بھی نصف سنچری اسکور کی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے ہیڈنگلے لیڈز میں شروع ہوگا۔
دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے ایجبسٹن میں ہوگا۔



Leave a Reply