پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے ہرادیا، عرفات منہاس کا ون مین شو
عرفات منہاس کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی اور حسن نواز کی مشکل صورتحال میں عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی۔
حسن نواز نے 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ نوجوان عرفات منہاس نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 59 رنز بنانے کے بعد کریئر بیسٹ چھ وکٹیں بھی حاصل کرکے پاکستان کو شاندار جیت سے ہمکنار کردیا۔
انگلینڈ کا 21 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان میں یہ پہلا ون ڈے انٹرنیشنل تھا ۔
پاکستان نے سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف آخری دس ون ڈے میچوں میں یہ دوسری کامیابی ہے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ دی جس نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں 302 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
کسی تبدیلی کے بغیر میدان میں اترنے والی پاکستان ٹیم کے لیے آغاز اچھا نہ تھا۔ میچ کی پہلی ہی گیند پر فخرزمان گس اٹکنسن کی بولنگ پر شارٹ مڈوکٹ پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
اسی اوور میں بابراعظم کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی پرزور اپیل ہوئی جس کے بعد انہوں نے چند خوبصورت اسٹروکس کی جھلک دکھاتے ہوئے اننگز کو آغاز بڑھایا لیکن چار چوکوں کی مدد سے34 رنز کی یہ اننگز آف اسپنر ِول جیکس نے بولڈ کرکے ختم کردی۔
ول جیکس کے لیے یہ گراؤنڈ اس لیے بھی یادگار ہے کہ 2022 میں انہوں نے یہاں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کرتے ہوئے چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
صائم ایوب سب کے لیے ایک معمہ بنے ہوئے ہیں انہیں خود سمجھ نہیں آرہا کہ وہ کیا کررہے ہیں اور کیا کرنا چاہتے ہیں؟۔
سونی بیکر کی شارٹ بال پر وہ 8 رنز پر سام کرن کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
سعد بیگ نے ایک بار پھر اپنے ٹیلنٹ کی جھلک دکھائی تاہم اس اننگز کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے سے پہلے وہ35 رنز بناکر اٹکنسن کی گیند پر سام کرن کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
گزشتہ میچ کے سنچری میکر سلمان علی آغا 16 رنز بناکر سوئپ کرنے کی کوشش میں عادل رشید کو وکٹ دے گئے۔
حسن نواز نے چھٹے نمبر پر آکر پاکستان ٹیم کی خراب صورتحال کو سنبھالا دیا اور 4 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 79 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کا ون ڈے انٹرنیشنل میں بہترین انفرادی اسکور بھی ہے ۔
حسن نواز اور عرفات منہاس نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں78 رنز کا اضافہ کیا۔
عرفات منہاس نے اپنی پہلی ون ڈے انٹرنیشنل نصف سنچری اسکور کی اور 9چوکوں کی مدد سے59 رنز بنائے جس میں تین لگاتار چوکے سونی بیکر کی گیندوں پر لگائے تھے۔
عرفات منہاس اور فہیم اشرف نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں قیمتی 72 رنز کا اضافہ کیا۔ فہیم اشرف نے ایک چھکے اور 5چوکوں کی مدد سے39 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی۔
پاکستان نے آخری دس اوورز میں 91 رنز کا اضافہ کیا۔
انگلینڈ کی طرف سے سونی بیکر نے 65 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔گس اٹکنسن نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ نے انگلینڈ کو 91 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔بین ڈکٹ 45 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر فخرزمان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
ٹام بینٹن کی 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 57 رنز کی اننگز عرفات منہاس نے اپنے پہلے ہی اوور میں شاہین آفریدی کے کیچ کے ذریعے ختم کردی۔
انہوں نے اپنے اگلے ہی اوور میں کپتان ہیری بروک کو بھی 5 رنز پر بولڈ کرکے انگلینڈ کو مشکل سے دوچار کردیا۔
بروک پاکستان میں چار ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں ان کا سب سے بہترین اسکور صرف 25 رنز ہے۔
یہ مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھتی چلی گئیں ۔ جو روٹ 33 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔
حارث رؤف نے اپنی دوسری کامیابی سام کرن کی وکٹ کی صورت میں حاصل کی جو 27 رنز بناسکے۔
عرفات منہاس نے اپنے ساتویں اوور میں جورڈن کاکس کو18 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلے ہی اوور میں جیمی اوورٹن کو حسن نواز کے ہاتھوں کیچ کرادیا لیکن عرفات کے لیے یادگار لمحہ اس سے اگلے اوور میں اسوقت آیا جب انہوں نے لگاتار گیندوں پر ول جیکس اور عادل رشید کو آؤٹ کردیا۔
سونی بیکر نے عرفات منہاس کی ہیٹ ٹرک روکی لیکن اسی اوور میں عرفات منہاس کے ڈائریکٹ تھرو نے گس اٹکنسن کو رن آؤٹ کردیا۔
عرفات منہاس نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل انہوں نے اسی سال مئی میں اسی پنڈی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں 32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
سہ فریقی ون ڈے کا تیسرا میچ جمعرات کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔



Leave a Reply