پاکستان انڈر 19 اسکواڈ میں ایچی سن اسکالرز
پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کے روز انگلینڈ کے دورے کے لیے پندرہ رکنی پاکستان مینز انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ دورے کا آغاز 2 ستمبر سے ہوگا جس کے دوران ارنڈل کیسل کرکٹ گراؤنڈ میں ایک یوتھ ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔
دائیں ہاتھ کے بیٹر فرحان یوسف پاکستان انڈر 19 ٹیم کی قیادت کریں گے۔ فرحان کی قیادت میں پاکستان نے گزشتہ سال دسمبر میں اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ انگلینڈ کے دورے میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔
15 رکنی اسکواڈ میں احمد حسین اور عثمان خان بھی شامل ہیں جو پی سی بی اور ایچی سن کالج کے مشترکہ کرکٹ اسکالرشپ پروگرام کے فارغ التحصیل ہیں۔ یہ پروگرام ستمبر 2021 میں شروع کیا گیا تھا۔ اس طرح اس پروگرام کے پہلے بیچ کے دو کھلاڑی اب پاکستان کی سینئر ایج گروپ ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں جو اس اقدام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔
ایچی سن کالج کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس اسکالرشپ پروگرام کا مقصد ہر سال پی سی بی کے پاتھ وے پروگرامز سے تین باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کا انتخاب کرنا اور انہیں گریڈ 7 سے گریڈ 9 تک کالج میں مکمل طور پر مفت تعلیم فراہم کرنا تھا۔ اس میں ایسے کھلاڑی بھی شامل تھے جو ایچی سن کالج میں تعلیم حاصل کرنے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تھے۔
منتخب کھلاڑیوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ایچی سن کالج کی کرکٹ ٹیموں کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جاتا ہے جبکہ وہ پی سی بی کے زیرِ اہتمام ایونٹس کے لیے اپنی متعلقہ کرکٹ ایسوسی ایشنز کو دستیاب رہتے ہیں۔ ان کی کارکردگی اور پیش رفت کی نگرانی پی سی بی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کرتا ہے۔
احمد حسین اور عثمان خان دونوں کا تعلق پشاور سے ہے یہ دونوں 2021 میں اس پروگرام کے پہلے بیچ میں منتخب ہوئے تھے۔ اس وقت احمد کی عمر 14 سال جبکہ عثمان کی عمر 13 سال تھی۔ ان کے ساتھ اوکاڑہ کے علی حسنین بادشاہ بھی پہلے بیچ میں شامل تھے۔
انتخاب کے وقت احمد حسین نے خیبر پختونخوا انڈر 13 کے لیے 283 رنز بنانے کے ساتھ 11 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ انڈر 16 سطح پر ان کے نام 100 رنز اور آٹھ وکٹیں تھیں۔ عثمان خان نے خیبر پختونخوا انڈر 13 کی جانب سے 172 رنز بنانے کے ساتھ پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
علی حسنین نے انڈر 13 ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب کی جانب سے 274 رنز بنائے تھے۔ انہیں انگلینڈ کے دورے کے لیے اعلان کردہ انڈر 19 اسکواڈ کے غیر سفری ریزروز میں شامل کیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں چار فاسٹ بولرز محمد صیام، عبدالسبحان، رضوان اللہ اور عمر زیب شامل ہیں جبکہ اسپن کے شعبے میں لیفٹ آرم رِسٹ اسپنر محمد حذیفہ اور لیفٹ آرم اسپنر نقاب شفیق موجود ہیں۔ علیان سلمان، احمد حسین، جہانگیر بلال اور حائم خان آل راؤنڈ سپورٹ فراہم کریں گے۔
حمزہ ظہور اور عبدالقادر اسکواڈ میں شامل دو وکٹ کیپرز ہیں جبکہ فرحان یوسف، عثمان خان اور حسنین عباس ڈار کو بطور بیٹر شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم نے انگلینڈ کے دورے سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تربیتی کیمپ میں حصہ لیا جس کا اختتام منگل کو دو روزہ ریڈ بال انٹرا اسکواڈ میچ کے ساتھ ہوا۔ ٹیم اتوار 30 اگست کو لاہور سے انگلینڈ کے لیے روانہ ہوگی۔
اسکواڈ میں شامل فرحان، سبحان، احمد، حمزہ، صیام، حذیفہ، نقاب، عمر اور عثمان پہلے ہی پاکستان انڈر 19 کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ باقی کھلاڑی ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے کے لیے تیار ہیں۔
شاہد انور پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے جبکہ راؤ افتخار انجم فاسٹ بولنگ کوچ زوہیب خان اسپن بولنگ کوچ اور ہمایوں فرحت فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
15 رکنی اسکواڈ
فرحان یوسف (کپتان) عبدالقادر، عبدالسبحان، احمد حسین، علیان سلمان، حمزہ ظہور، حسنین عباس ڈار، حائم خان، جہانگیر بلال، محمد صیام، محمد حذیفہ، نقاب شفیق، رضوان اللہ، عمر زیب اور عثمان خان۔
غیر سفری ریزروز۔
عباس آفریدی، علی حسنین بادشاہ، فرحان اللہ، حسن خان اور ابتسام اظہر



Leave a Reply