ناقابلِ شکست شاہینز کی نظریں رائزنگ اسٹارز کے چوتھے ٹائٹل پر
دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز اتوار کو قطر کے شہر دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا اے کے خلاف فائنل میں میدان میں اترے گی جہاں اس کا ہدف چوتھا ٹائٹل اپنے نام کرنا ہوگا۔
پچاس اوورز کے اس فائنل میں ٹورنامنٹ کی دو ایسی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جو اب تک ناقابلِ شکست رہی ہیں۔ عبدالصمد کی قیادت میں پاکستان شاہینز نے گروپ بی کے تینوں میچز جیتے اور جمعہ کو دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اے کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ دوسری جانب سری لنکا اے نے گروپ اے کے اپنے تینوں میچز جیتنے کے بعد سیمی فائنل میں بھارت اے کےخلاف 318 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
پاکستان شاہینز آٹھ ایڈیشنز میں چھٹی مرتبہ فائنل کھیل رہی ہے ۔ ٹیم نے
پچاس اوورز کے ٹورنامنٹس 2019 اور 2023 جیتے تھے جبکہ گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ایڈیشن بنگلہ دیش اے کو فائنل میں سپر اوور میں شکست دے کر جیتا تھا۔
حسن نواز اس ٹورنامنٹ کے نمایاں آل راؤنڈر رہے ہیں اور وہ واحد کھلاڑی ہیں جو سب سے زیادہ رنز بنانے والے اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔ وہ پاکستان کے ٹاپ اسکورر اور مجموعی طور پر چھٹے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 44 کی اوسط سے 176 رنز بنائے، جن میں دو نصف سنچریاں اور آٹھ چھکے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے صرف دو میچز میں بولنگ کرتے ہوئے پندرہ کی اوسط سے پانچ وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم دس وکٹوں کے ساتھ بولرز کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ علی رضا آٹھ وکٹوں کے ساتھ بھارت اے کے ہرشیت رانا کے ہمراہ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ علی رضا نے یہ وکٹیں تین میچز میں حاصل کی ہیں۔
حسن نواز کے بعد معاذ صداقت131 ۔ فرحان یوسف 130۔ اور عبدالصمد124 رنز کے ساتھ نمایاں ہیں۔
پاکستان شاہینز کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی مختلف مواقع پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے جن میں معاذ صداقت شامل حسین شاہ زیب خان اور روحیل نذیر شامل ہیں۔
سری لنکا اے کی مضبوط بیٹنگ لائن پاکستان شاہینز کے لیے اب تک کا سب سے بڑا امتحان ثابت ہوسکتی ہے۔ لستھ کروسوپلے 260 رنز کے ساتھ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے بھارت اے کے خلاف سیمی فائنل میں سنچری اسکور کی۔ان کے علاوہ سنتھ جے وردھنے اور نشن مدوشانکا کی کارکردگی بھی نمایاں رہی ہے۔
سری لنکا کو اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان کے خلاف کامیابی کا سابقہ تجربہ بھی حاصل ہے۔ 2017 میں چٹاگانگ میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا انڈر 23 نے پاکستان شاہینز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان شاہینز اپنی ناقابلِ شکست مہم کو برقرار رکھتے ہوئے چوتھا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے یا سری لنکا اے ایک بار پھر فائنل میں پاکستانی ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہے



Leave a Reply