راولپنڈی ٹیسٹ میں ثاقب خان کی 7 وکٹیں ، غازی غوری کے 6 کیچز
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے دن اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر57 رنز بنائے تھے۔ اس طرح اسے 45 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے۔
بارش کی وجہ سے کھیل اپنے وقت سے بہت پہلے ختم کردینا پڑا۔چاروں دن کھیل کم روشنی کے سبب متاثر ہوا ہے۔
اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان کی سات وکٹوں کی شاندار کارکردگی کے سبب سری لنکا کو پہلی اننگز میں صرف 12 رنز کی برتری حاصل ہوسکی۔
ثاقب خان کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپر غازی غوری بھی نمایاں رہے جنہوں نے چھ کیچز لیے۔
سری لنکا نے چوتھے دن 404 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز شروع کی تو عام خیال یہی تھا کہ دھنن جیا ڈی سلوا اور کوسال مینڈس ایک بڑی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے لیکن ثاقب خان کی شاندار بولنگ نے سری لنکا کی ٹیم اسکور میں محض 42 رنز کا اضافہ کرسکی۔
دھن جیا ڈی سلوا اپنے گزشتہ روز کے اسکور167 میں اضافہ کیے بغیر دن کے پہلے ہی اوور میں ثاقب خان کی گیند پر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
کپتان کوسال مینڈس اپنے گزشتہ روز کے اسکور 117 میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرپائے وہ بھی ثاقب خان کی گیند پر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
ثاقب خان نے اس کے بعد سونال دنوشا،لاہیرو کمارا اور اسیتھا فرنینڈو کو بھی پویلین کا راستہ دکھادیا۔ اسیتھا فرنینڈو اس اننگز میں غازی غوری کا چھٹا کیچ بنے۔
رضاء اللہ نے ملان رتنائیکے کو آؤٹ کرکے سری لنکا کی اننگز ختم کردی۔سری لنکا کی آخری 6 وکٹیں اسکور میں صرف 42 رنز کا اضافہ کرسکیں۔
ثاقب خان نے 34 اوورز میں 130 رنز دے کر 7وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے چوتھے دن 25 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ کسی بھی پاکستانی بولر کی اپنے اولین ٹیسٹ میں چوتھی بہترین کارکردگی ہے۔ان سے بہتر کارکردگی محمد زاہد ( 66/7 ) محمد نذیر جونیئر ( 99/7 ) اور ابرار احمد (114/7 ) رہی ہے۔
محمد عباس نے 33 اوورز میں 68 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔
رضاء اللہ نے26.2 اوورز میں اپنی مہنگی بولنگ کی روایت برقرا رکھتے ہوئے 140 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔
غازی غوری کے چھ کیچز کسی بھی پاکستانی وکٹ کیپر کی مشترکہ طور پر دوسری بہترین کارکردگی ہے۔ان سے قبل راشد لطیف۔ عدنان اکمل اور محمد رضوان بھی ایک اننگز میں چھ کیچز کرچکے ہیں ۔ پاکستان کا ریکارڈ وسیم باری کا ہے جنہوں نے ایک اننگز میں سات کیچز کیے تھے۔
پاکستان کی دوسری اننگز میں طیب عارف صرف 11 رنز بناکر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعداذان اویس اور محمد طحہ اسکور کو 57 رنز تک لے گئے۔ اذان اویس22 اور محمد طحہ 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔



Leave a Reply