پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں ، سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست
دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 نے ایشیا کپ انڈر 19 ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش انڈر 19 کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس میچ کی قابل ذکر بات رضوان اللہ کی شاندار بولنگ تھی جنہوں نے30 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ان کے علاوہ عثمان خان اور حیام خان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
پاکستان نے 5 ویں مرتبہ فائنل میں جگہ بنائی ہے اس نے 2012 میں بھارت کے ساتھ مشترکہ ٹرافی جیتی تھی جبکہ دوسری مرتبہ اس نے گزشتہ سال فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دی تھی۔ اس کےعلاوہ 2013 میں اسے فائنل میں بھارت نے 40 رنز سے اور 2017میں افغانستان نے 185 رنز سے ہرایا تھا۔
عمان میں جاری ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی لیکن پوری ٹیم 31.4 اوورز میں 138 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان نے 21.5اوورز میں صرف ایک وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔
بنگلہ دیش کی اننگز میں صرف جریف صیام ہی پاکستانی بولرز کا اعتماد سے مقابلہ کرسکے انہوں نے4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50رنز بنائے۔علی رفیع دوسرے بیٹر تھے جو ڈبل فگرز میں آسکے انہوں نے20 رنز اسکور کیے۔
فاسٹ بولر رضوان اللہ نے30 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔محمد صیام نے29 رنز دے کر 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ احمد حسین۔ علی رضا اور حسنین عباس ڈار کے حصے میں ایک وکٹ آئی ۔
پاکستان کی اننگز میں اوپنرز حیام خان اور عثمان خان نے 123 رنزکی شاندار شراکت قائم کی۔
عثمان خان نے 2 چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 64رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ حیام خان نے 69 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔



Leave a Reply