ایم آئی ٹی پریذیڈنٹ ٹرافی جیتنے سے صرف تین وکٹوں کی دوری پر
ایم آئی ٹی سلیوشنز پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون جیتنے سے صرف 3 وکٹوں کی دوری پر ہے جبکہ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کو کامیابی کے لیے اب بھی72 رنز درکار ہیں۔
اسٹیٹ بینک کو جیتنے کے لیے 237 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 165 رنز پر اس کی 7 وکٹیں گرچکی تھیں۔
اسٹیٹ بینک کی دوسری اننگز میں حسن رضا نے 8چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ وہ جب تک کریز پر تھے اسٹیٹ بینک کی جیت کی امید زندہ تھی لیکن وہ آؤٹ ہونے والے چھٹے بیٹر تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے سے ایم آئی ٹی کی گرفت مضبوط ہوگئی۔
عبداللہ فضل 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کامران غلام صرف 16 رنز بناسکے۔ فہام الحق 13 اور کپتان رمیز عزیز صرف ایک رن بناسکے۔
مبصرخان 17 اور محمد عباس 5 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔خالد عثمان نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ عامر جمال ۔ سلمان اسلم اور محمد اسمعیل ایک ایک وکٹ لے چکے ہیں۔
اس سے قبل ایم آئی ٹی نے اپنی دوسری اننگز 263 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور پوری ٹیم 296 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
عامر جمال جو گزشتہ روز 45 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، 55 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمد عباس نے70 رنز دے کر 5وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 60 ویں مرتبہ اننگز میں پانچ یا زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔
محمد عباس کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں وکٹوں کی تعداد 936 ہوگئی ہے۔
سراج الدین نے 88 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں ۔اسطرح انہوں نےمیچ میں مجموعی طور پر127 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں انہوں نے39 رنز دے کر 6 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سیزن میں اسٹیٹ بینک نے پریذیڈنٹ ٹرافی میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
ایم آئی ٹی سلیوشنز نے گزشتہ سیزن میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو جیتی تھی جس کے بعد اس نے گریڈ ون میں پہلی بار شرکت کی اور فائنل کھیلا ہے اور اب وہ ٹائٹل جیتنے کے بھی قریب ہے۔



Leave a Reply