نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی: کانکررز اور اسٹارز کی کامیابی
لاہور۔ نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں منگل کے روز کھیلے گئے میچوں میں کانکررز نے چیلنجرز کو 16 رنز سے ہرادیا ۔ اسٹارز نے اسٹرائیکرز کو54 رنز سے شکست دے دی ۔
غنی گلاس کرکٹ گراؤنڈ میں کانکررز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے جو ڈومیسٹک ویمنز ٹی ٹوئنٹی میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔اس سے قبل 2024 میں لاہور ویمنز نے پشاور ویمنز کے خلاف 233 رنز بنائے تھے۔
کپتان فاطمہ ثنا نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے6 چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے91 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ عائشہ ظفر نے57 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
جواب میں چیلنجرز کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 225 رنز بنا پائی۔ ایمان فاطمہ نےشاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 5چھکوں اور14 چوکوں کی مدد سے 112 رنز اسکور کیے۔سدرہ نواز نے 60 رنز بنائے۔ان دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 153 رنز کا اضافہ کیا۔فاطمہ ثنا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
فاطمہ ثنا پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔
باغ جناح میں کھیلے گئے میچ میں اسٹارز نے اسٹرائیکرز کو 54 رنز سے شکست دیدی۔
اسٹارز نے 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 158رنز بنائے۔سدرہ امین نے 62 رنز اسکور کیے۔
جواب میں اسٹرائیکرز کی ٹیم 104 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔فاطمہ خان نے 25 رنز بنائے۔لائبہ منصور نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
پلیئر آف دی میچ ایوارڈ سدرہ امین کے حصے میں آیا۔
بدھ کو آرام کا دن ہے۔ جمعرات کو اسٹارز کا مقابلہ انونسیبلز سے ہوگا جبکہ اسٹرائیکرز کی ٹیم کانکررز کے مدمقابل ہوگی۔



Leave a Reply