ایشیا کپ مینز انڈر 19: پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے ہرادیا
پاکستان انڈر 19 نے ایشیا کپ انڈر 19 ٹورنامنٹ کا آغاز متحدہ عرب امارات انڈر 19 کےخلاف 9 وکٹوں کی جیت سے کیا۔
اس میچ کی خاص بات پاکستان کے عثمان خان کی ناقابل شکست سنچری اور وکٹ کیپر حمزہ ظہور کے چھ کیچز تھے۔
عمان میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان انڈر 19نے اپنے پہلے میچ کا ٹاس جیت کر متحدہ عرب امارات انڈر 19 کو پہلے بیٹنگ دی جو 50 اوورز میں 224 رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان انڈر 19 نے 37.5 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے عثمان خان اور جہانگیربلال نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 153 رنز کا اضافہ کیا ۔عثمان خان نے 21 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 139 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ جہانگیربلال نے 60 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے شامل تھے۔عبدالقادر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کی اننگز میں نوراللہ ایوبی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے70 رنز اسکور کیے۔ یاین رائے نے 47 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے صیام خان نے تین جبکہ علی رضا ، رضوان اللہ اور حسنین عباس ڈارنے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
وکٹ کیپر حمزہ ظہور نے شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے چھ کیچز کیے۔
پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ 8 نومبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی جبکہ اس کا آخری گروپ میچ نیپال کے خلاف 10 نومبر کو ہوگا۔



Leave a Reply