URDUپاکستان سپر لیگ : اسلام آباد یونائٹڈ نے پلے آف میں کوالیفائی کرلیا

پاکستان سپر لیگ : اسلام آباد یونائٹڈ نے پلے آف میں کوالیفائی کرلیا

کراچی ۔ اسلام آباد یونائٹڈ نے حیدرآباد کنگز مین کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے پلے آف میں کوالیفائی کرلیا۔
اسلام آباد یونائٹڈ ، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے بعد پلے آف میں جگہ بنانے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔
اسلام آباد یونائٹڈ کے 9 میچوں میں 11 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور ابھی اس کا ایک میچ ملتان سلطانز کے خلاف باقی ہے۔
حیدرآباد کنگز مین کے 9میچوں میں 8 پوائنٹس ہیں۔لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے بھی 9 ۔ 9 میچوں میں 8 ۔ 8 پوائنٹس ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 9 میچوں میں 6 پوائنٹس ہیں۔ ان چاروں ٹیموں میں سے کوئی ایک ٹیم پلے آف میں پہنچنے والی آخری ٹیم ہو سکتی ہے۔
جمعہ کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائٹڈ نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کو بیٹنگ دی جو15 اعشاریہ 5 اوورز میں صرف 80 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جو اس پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔
اس سے قبل اس پی ایس ایل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور 87 تھا جو کراچی کنگزنے پشاور زلمی کے خلاف بنایا تھا۔
کنگز مین کا اس سے قبل اپنا سب سے کم اسکور 130 تھا جو اس نے لاہور قلندرز کے خلاف بنایا تھا۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے 81 رنز کا ہدف صرف 6 اعشاریہ 4 اوورز میں حاصل کرلیا۔
حیدرآباد کنگزمین کو میچ کی پہلی ہی گیند پر دھچکہ پہنچا جب معاذ صداقت رچرڈ گلیسن کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ ہوگئے اور پھر رچرڈ گلیسن نے کپتان مارنس لبوشین ( 5 ) اور صائم ایوب ( 12 ) کو بھی واپسی کا راستہ دکھادیا۔
صائم ایوب اس ٹورنامنٹ کی 9 اننگز میں صرف 139 رنز بنانے میں کامیاب ہوپائے ہیں جس میں سب سے بڑا اسکور محض 35 ہے۔
پاور پلے میں تین وکٹیں صرف 34 رنز پر گنوانے کے بعد عثمان خان اور کوسال پریرا صورتحال کو اپنے قابو میں کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے ۔ کوسال پریرا 12 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے اسوقت مجموعی اسکور صرف 39 رنز تھا۔
گلین میکسویل نے اپنی ٹیم کو مایوس کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس بار وہ صرف ایک رن بناکر عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ابتک 5 اننگز میں وہ صرف 26 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے ہیں۔
کنگزمین کی مشکلات کم ہونے کے بجائے بڑھتی چلی گئیں جب شاداب خان نے اپنے تیسرے اوور میں لگاتار گیندوں پر عرفان خان ( 9 ) اورحسان خان ( صفر ) کو آؤٹ کردیا۔
اس موقع پر کنگزمین صرف 57 رنز پر 7 وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی۔
آصف محمود کو سلمان مرزا نے آؤٹ کیا جس کے بعد حنین شاہ اور محمد علی کی وکٹیں عماد وسیم نے ایک ہی اوور میں حاصل کرڈالی۔
پچھلے میچ کے سنچری میکر عثمان خان 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
رچرڈ گلیسن نے 9 شاداب خان نے 13 اور عماد وسیم نے 21 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
اسلام آباد یونائٹڈ نے بھی محمد علی کے پہلے ہی اوور میں ڈیون کانوے کی وکٹ گنوائی لیکن اس کے بعد سمیر منہاس اور محسن ریاض نے پاور پلے میں ہی 78 رنز بناڈالے۔
سمیر منہاس نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ شاداب خان وننگ چوکے کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹر تھے۔
پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے محسن ریاض نے اعتماد سے کھیلتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ان کی وکٹ بھی محمد علی نے حاصل کی۔
رچرڈ گلیسن پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔
ہفتے کے روز دونوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا ۔ دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.