پی ایس ایل 11۔ نئی پلیئنگ کنڈیشنز ۔
لاہور۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے خاموشی سے پاکستان سپر لیگ کے لیے نئی پلیئنگ کنڈیشنز متعارف کرادی ہیں جس کے مطابق حریف کپتانوں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ ٹاس سے پہلے دو مختلف ٹیم شیٹس جمع کرائیں اور اپنے گیارہ کھلاڑیوں کو ٹاس کے بعد ہی حتمی شکل دیں ۔
اس تبدیلی نے اس وقت توجہ حاصل کی جب لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ملتان سلطانز کے کپتان مارنس لبوشین پہلے میچ میں دو دو ٹیم شیٹس لے کر ٹاس کے لیے آئے۔
پی سی بی کی طرف سے اس بارے میں کوئی پیشگی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔
پلیئنگ کنڈیشنز کو صبح صرف ایونٹ کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا گیا تھا۔
آرٹیکل 1.2 کے تحت ہر کپتان ٹاس سے پہلے پی ایس ایل میچ ریفری کو تحریری طور پر دو مختلف گیارہ رکنی لائن اپ جمع کروا سکتا ہے۔ ٹاس کے بعد کپتان کو ایک پر دستخط کرنا ہوں گے تاکہ وہ آفیشنل ہو جائے۔ ایک بار حتمی ہونے کے بعد مخالف کپتان کی رضا مندی کے بغیر کھیلنے والی گیارہ رکنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔
ہر گیارہ رکنی ٹیم میں کم از کم سات اور زیادہ سے زیادہ آٹھ مقامی کھلاڑی شامل ہونے چاہئیں جن میں ایک ایمرجنگ کھلاڑی بھی شامل ہو۔
ٹیم شیٹ میں نامزد چار اضافی کھلاڑی صرف متبادل فیلڈرز کے طور پر اہل ہیں جب تک کہ میچ ریفری غیرمعمولی حالات میں اس کے علاوہ اجازت نہ دے۔
بغیر رکاوٹ والے مکمل میچ میں ہر اننگز زیادہ سے زیادہ 85 منٹ تک جاری رہے گی اور 20واں اوور اسی وقت کے اندر شروع ہونا چاہئے۔ لیگ میچز میں 30 منٹ کا اضافی وقت دیا جاتا ہے۔ پلے آف میچز اور فائنل میں 60 منٹ اضافی وقت ہوگا۔
فائنل کے لئے ایک ریزرو دن ہوگا ۔ پلے آف اور لیگ کے میچوں کے لئے ریزرو ڈے نہیں ہوگا۔ اگر مقررہ تاریخ پر کھیل ممکن نہ ہو تو پورا فائنل ریزرو دن میں کھیلا جائے گا۔ اگر وہ دن بھی بارش یا کسی وجہ سے منسوخ ہو جائے تو لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل میں بہترین پوزیشن رکھنے والی ٹیم چیمپئن قرار پائے گی۔



Leave a Reply