راولپنڈی ٹیسٹ میں چار نئے چہرے ، پاکستان کے281 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ
پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز چار نئے چہروں کے ساتھ کرتے ہوئے راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے دن کا اختتام 281 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر کیا جس میں کپتان بابراعظم اور سعود شکیل کے علاوہ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے طیب عارف اور محمد طحہ کی نصف سنچریاں شامل تھیں۔
کم روشنی کے سبب کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کردینا پڑا۔اسوقت تک 67.2 اوورز ہوئے تھے۔
پہلے ٹیسٹ میں جن چار نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جن میں طیب عارف ۔ محمد طحہ ۔ عرفات منہاس اور ثاقب خان شامل ہیں۔
اسطرح پاکستان کی محض آخری چار ٹیسٹ سیریز میں ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد 12 ہوچکی ہے۔
بنگلہ دیش میں اذان اویس اور عبداللہ فضل کو ٹیسٹ کیپ دی گئی۔ ویسٹ انڈیز میں عبید شاہ۔ اویس ظفراور علی عثمان نے ٹیسٹ کیپ حاصل کی۔انگلینڈ میں غازی غوری ۔عمران رندھاوا اور رضاء اللہ پر قسمت مہربان ہوئی اور اب سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں چار نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں لایا گیا ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ ابھی باقی ہے۔
طیب عارف نے اسی سال صرف 7 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کے بعد ٹیسٹ کیپ حاصل کی ہے جن میں ان کی 3 سنچریاں ہیں۔
محمد طحہ 29 فرسٹ کلاس میچوں میں 6 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں جن میں دو ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں۔
عرفات منہاس وائٹ بال کے اسپیشلسٹ آل راؤنڈر ہیں جنہوں نے صرف 17 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں جن میں ان کی ایک سنچری اور 22 وکٹیں ہیں۔
ثاقب خان نے 19 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں جن میں ان کی 81 وکٹیں ہیں۔
کوسال مینڈس نے اس دورے کے 9 ویں میچ میں 8 ویں مرتبہ ٹاس جیتا۔ انہوں نے پاکستان کو بیٹنگ دی تاہم پہلے سیشن میں ان کے بولرز صرف دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔
اذان اویس اور طیب عارف نے پہلی وکٹ کی شراکت میں وائٹ بال کے انداز میں کھیلتے ہوئے 86 رنز کا اضافہ کیا۔اذان اویس 50 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بناکر ملان رتنائیکے کی گیند پر وکٹ کیپر کوسال مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
طیب عارف 51گیندوں پر 9 چوکوں اور چھکے کی مدد سے 57 رنز بناکر اسیتھا فرنینڈؤ کی گیند پر کوسال مینڈس ہی کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔دونوں وکٹیں صرف پانچ گیندوں میں گریں۔
کپتان بابراعظم ُپرسکون انداز میں بیٹنگ کرتے دکھائی دیے ۔لنچ کے بعد انہوں نے مادوشانکا کے ایک ہی اوور میں تین چوکے بھی لگائے تاہم مادوشانکا ہی نے انہیں کوسال مینڈس کے ہاتھوں کیچ کراکر اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی ۔ بابراعظم نے 58 گیندوں پر50 رنز اسکور کیے جس میں 7 چوکے شامل تھے۔
یہ ان کی ٹیسٹ میچوں میں 35 ویں نصف سنچری ہے تاہم 10 ویں سنچری کا انتظار اب بھی باقی ہے ۔ وہ لگاتار 41 اننگز بغیر سنچری کے کھیل چکے ہیں۔
بابراور طحہ کی پارٹنرشپ میں 69 رنز بنے۔ محمد طحہ 106 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6چوکوں کی مدد سے 51 رنزبناکر دنوشا کی گیند پر ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔سعود شکیل کے ساتھ انہوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 68 رنز کا اضافہ کیا۔
سلمان علی آغا ایک بار پھر ناکام رہے۔ وہ صرف 16 رنز بناکر اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر کوسال مینڈس کا اننگز میں چوتھا کیچ بن گئے۔
سعود شکیل نے 112 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز ناٹ آؤٹ کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ ان کے ساتھ وکٹ کیپر غازی غوری 7 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
سری لنکا کی طرف سے اسیتھا فرنینڈو نے دو جبکہ مادوشانکا، رتنائیکے اور دنوشا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔



Leave a Reply