پی ایس ایل 11 : پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا
کراچی : پاکستان سپر لیگ 11 میں ناقابل شکست پشاور زلمی کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ اس طرح 6 کامیابیوں کے بعد اس کے 13 پوائنٹس ہوگئے ہیں اور اس نے خود کو پلے آف کے قریب کرلیا ہے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بدھ کے روز پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ دی جو 20 اوورز میں154 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پشاور زلمی نے 18 اعشاریہ 3 اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں احسان علی 4 رنز بناکر افتخار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد رائلے روسو اور کپتان سعود شکیل نے اسکور میں35 رنز کا اضافہ کیا تھا کہ سعود شکیل ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 16 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
رائلے روسو پی ایس ایل میں اپنے 100 ویں میچ میں 4 چوکوں کی مدد سے 26رنز بناکر سفیان مقیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔
وہ پی ایس ایل کے میچوں کی سنچری مکمل کرنے والے پہلے غیرملکی اور مجموعی طور پر چوتھے کھلاڑی بنے ہیں۔ ان کے علاوہ عماد وسیم۔ بابراعظم اور فخرزمان سو سے زائد پی ایس ایل کے میچز کھیل چکے ہیں۔
شامل حسین کا کریز پر قیام مختصر رہا ۔ کمزور شاٹ سلیکشن کے نتیجے میں وہ صرف 12 رنز بناکر سفیان مقیم کی گیند پر ایرون ہارڈی کو کیچ دے گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی چوتھی وکٹ 86 رنز پر گری۔
ایک بڑے اسکور تک پہنچنے کے لیے گلیڈی ایٹرز حسن نواز سے امیدیں وابستہ کیے ہوئے تھے جنہوں نے اپنی اننگز میں چند خوبصورت اسٹروکس کھیلے تاہم وہ 4 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بناکر محمد باسط کی گیند پر محمد حارث کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
محمد باسط نے جو پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے ٹام کرن اور الزاری جوزف کی وکٹیں بھی حاصل کیں۔انہوں نے ان تین وکٹوں کےحصول کے لیے صرف 36رنز دیے ۔ دوسری جانب سفیان مقیم نے خواجہ نافع کو 20 رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے اپنی تیسری وکٹ حاصل کی۔
دونوں اسپنرز سفیان مقیم اور افتخار احمد نے ایک بار پھر مؤثر بولنگ کی۔ سفیان مقیم نے چار اوورز میں صرف 25 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں اس ٹورنامنٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ افتخار احمد نے چار اوورز میں صرف20 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی اور ٹورنامنٹ میں اپنی وکٹوں کی تعداد 10 تک پہنچادی ہے۔
پشاور زلمی کی فیلڈنگ بھی بہت اچھی رہی خاص کر محمد حارث اور فرحان یوسف نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کو ناہید رانا اور شریف الاسلام کی خدمات حاصل نہیں رہی ہیں لیکن علی رضا اور محمد باسط نے ان کی کمی محسوس نہیں ہونے دی۔
کپتان بابراعظم اور محمد حارث نے زلمی کو 10 اوورز میں 75 رنز کی اوپننگ شراکت فراہم کی۔ حارث ایک چھکے اور پانچ چوکے کی مدد سے 35 رنز بناکر سعود شکیل کی گیند پر شامل حسین کے ہاتھوں کیچ ہوگئے لیکن بابراعظم کےبلے سے رنز جاری رہے۔
بابراعظم نے 51گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 71 رنز ناٹ آؤٹ کی اہم اننگز کھیلی ۔ یہ ٹی ٹوئنٹی میں ان کی 100 ویں نصف سنچری ہے۔ 11 سنچریاں اس کے علاوہ ہیں۔
انہوں نے کوسال مینڈس کے ساتھ 49رنز کی شراکت قائم کی۔مینڈس 21 رنز بناکر الزاری جوزف کی گیند پر عثمان طارق کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
ایرون ہارڈی ایک چوکے کی مدد سے 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ بابراعظم کے ساتھ انہوں نے 32 رنز کا اضافہ کیا۔
سفیان مقیم نے مسلسل دوسرا پلیئر آف دی میچ ایوارڈ حاصل کیا۔
جمعرات کے روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں حیدرآباد کنگز مین کا مقابلہ راولپنڈیز سے ہوگا جبکہ دوسرا میچ اسلام آباد یونائٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔



Leave a Reply