ون ڈے سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی پاکستان ویمنز کے ہاتھ سے گئی
دمبولا ۔ سری لنکا ویمنز نے پاکستان ویمنز کی غیرمؤثر بولنگ پر حاوی ہوتے ہوئے دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 6 وکٹوں سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی اس نے تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری بھی حاصل کرلی۔
سری لنکا نے پہلا میچ 6 وکٹوں سے جیتا تھا۔
سری لنکا ویمنز اس سے قبل پاکستان ویمنز کو ون ڈے سیریز میں بھی دو ایک سے شکست دے چکی ہے۔
اتوار کے روز رانگیری دمبولا انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 175 رنز بنائے۔
جواب میں سری لنکا نے 17.4 اوورز میں چار وکٹوں پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کی اننگز کی خاص بات ایک بار پھر شوال ذوالفقار اور منیبہ علی کی عمدہ بیٹنگ تھی ۔اس مرتبہ ان دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے صرف9.5 اوورز میں 90 رنز بنائے۔
پہلے میچ میں ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز بنائے تھے۔
شوال ذوالفقار نے 35گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے48 رنز کی اننگز کھیلی۔
کپتان منیبہ علی نے 30 گیندوں پر 45 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور 6چوکے شامل تھے۔
ایمان فاطمہ نے صرف 19گیندوں پر 3چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 30رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔ایمان نصیر نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے21 اور سائرہ جبین نے 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز اسکور کیے۔
چمودی پرابودا نے27 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کی اننگز میں کپتان چماری اتاپتو نے ایک بار پھر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 15 گیندوں پر 5چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 40 رنز اسکور کیے ۔ 30 رنز پر منیبہ علی نے وحیدہ اختر کی گیند پر ان کا کیچ بھی ڈراپ کیا تھا۔
اتاپتو نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنے4 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والی چوتھی بیٹر ہیں ۔ ان کے علاوہ نیوزی لینڈ کی سوزی بیٹس ۔بھات کی سمرتی مندھانا اور ہرمنپریت کور، ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں چار ہزار یا زائد رنز بناچکی ہیں۔
پاکستان ویمنز کو 55 رنز کے مجموعی اسکور پر ایمیشا دولانی اور چماری اتاپتو کی وکٹیں مل گئی تھیں جس کے بعد سنجنا کاوندی اور وشمی گونارتنے نے اسکور میں 53 رنز کا اضافہ کیا۔ کاوندی 6چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 46 رنز بناکر عائشہ ظفر کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔
گونارتنے اور سمارا وکرما نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 40 رنز بناکر اپنی ٹیم کو جیت کے قریب کردیا۔ گونا رتنے 4 چوکوں کی مدد سے 31رنز بناکر ام ہانی کی میچ میں دوسری وکٹ بن گئیں۔انہوں نے چار اوورز میں 28 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
سمارا وکرما نے 37 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے شامل تھے۔کویشا دلہاری 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی غیرموثر بولنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ تسمیہ رباب نے دو اوورز میں 27 وحیدہ اختر نے دو اوورز میں 24 اور عائشہ ظفر نے دو اوورز میں 24رنز دیے۔ نشرہ سندھو نے تین اووز میں 32 رنز دے ڈالے۔ مومنہ ریاست کے تین اوورز میں 22 رنز بنے۔ سائرہ جبین نے ایک ہی اوور میں16 رنز دے ڈالے۔
سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔



Leave a Reply