سری لنکا اننگز کی شکست سے بچ گئی لیکن برتری صرف 82 رنز کی
سری لنکا کی ٹیم راولپنڈی ٹیسٹ میں اننگز کی شکست سے تو بچ گئی لیکن وہ پاکستان کے خلاف 82 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکی ہے اور اس کی صرف ایک وکٹ باقی رہتی ہے۔
سری لنکا نے تیسرے دن کھیل کا اختتام 309 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر کیا ۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا نے 74 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی تو پاکستان کو فاسٹ بولر ثاقب خان کی خدمات حاصل نہیں تھیں جو دوسرے دن کے کھیل میں لاہیرو اودارا کو آؤٹ کرنے کے بعد ہمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
دھنن جے ڈی سلوا جو گزشتہ روز 24 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے اپنی اننگز کو طول نہ دے سکے اور 37 رنز بناکر عامرجمال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔
سوریا بندارا اپنے گزشتہ روز کے اسکور 18 میں صرف 20 رنز اضافہ کرنے کے بعد رضاء اللہ کی گیند پر غازی غوری کے ہاتھوں کیچ ہوگئے حالانکہ 31 کے اسکور پر انہیں موقع بھی ملا تھا جب عامرجمال کی گیند پر محمد طحہ نے سلپ میں ان کا کیچ گرادیا تھا لیکن وہ اس کا فائدہ نہ اٹھاسکے ۔
کپتان کوسال مینڈس نے اعتماد سے اننگز کی ابتدا کی اور رضاء اللہ کے ایک اوور میں دو چوکے اور پھر انہی کے اگلے اوور میں بھی دو چوکے لگائے۔
انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پانچ ہزار رنز بھی مکمل کرلیے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے 12 ویں سری لنکن بیٹر ہیں۔
ان کی 8 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کا خاتمہ سلمان علی آغا نے بولڈ کرکے کیا۔ سری لنکا کی چھٹی وکٹ 215رنز پر گری۔
کوسال مینڈس نے سونال دنوشا کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں81 رنز کا اضافہ کیا۔
سونال دنوشا 7 چوکوں کی مدد سے54 رنز بناکر عامر جمال کی گیند پر اذان اویس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔انہوں نے ملان رتنائیکے کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے53 رنز کا اضافہ کیا اور اپنی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچانے میں کامیاب ہوگئے۔
سری لنکا کی گرنے والی آٹھویں وکٹ پرابتھ جے سوریا کی تھی جنہیں ایک رن پر محمد عباس نے طیب عارف کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
299 کے اسکور پر سری لنکا کی گرنے والی نویں وکٹ بھی محمد عباس کے حصے میں آئی جب انہوں نے لاہیرو کمارا کو 5 رنز پر اپنی ہی گیند پر کیچ کرلیا۔
ملان رتنائیکے آسانی سے پاکستانی بولرز کے ہاتھ آنے کے لیے تیار نہ تھے ۔ وہ 11 چوکوں کی مدد سے60 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں جو اس ٹیسٹ میں کسی بھی بیٹر کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔
یہ ان کی ٹیسٹ میچوں میں دوسری نصف سنچری ہے ۔ان کے ساتھ اسیتھا فرنینڈو 2 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستانی بولرز میں عامر جمال 67 رنز دے کر3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب رہے ہیں۔
محمد عباس نے2 وکٹوں کے لیے 54 رنز دیے ۔رضاء اللہ نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں لیکن 110 رنز بھی دے ڈالے۔



Leave a Reply