ٹور میچ میں پاکستان کی 7 وکٹوں سے کامیابی ، سعود شکیل کی سنچری امام الحق 80 ، علی عثمان کی 5 وکٹیں
بیکنہم ۔ پاکستان نے پروفیشنل کاؤنٹی کلب سلیکٹ الیون کو تین روزہ پریکٹس میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پاکستان کی دوسری اننگز کی خاص بات سعود شکیل کی شاندار سنچری تھی۔
پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 262 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر بنالیے۔
اذان اویس صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ امام الحق اور سعود شکیل نے عمدہ بیٹنگ کی اور دوسری وکٹ کے لیے 111 رنز کا اضافہ کیا۔
امام الحق 13چوکوں کی مدد سے 80رنز بناکر ریٹائرڈ ناٹ آؤٹ ہوگئے۔
سعود شکیل نے3 چھکوں اور10 چوکوں کی مدد سے 100 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔ سعود شکیل ان فٹ ہونے کے سبب ویسٹ انڈیز کے دورے پر ٹیم کے ساتھ نہیں جاسکے تھے اور یہ کہا گیا تھا کہ وہ انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے تاہم انہیں بعد میں ویسٹ انڈیز روانہ کیا گیا ۔انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ان کا مکمل فٹنس اور فارم میں آجانا پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
سلمان علی آغا صرف 6 رنز بنا پائے۔پہلی اننگز میں وہ صرف 14 رنز بناسکے تھے۔ محمد رضوان 33 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اویس ظفر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل سلیکٹ الیون نے اپنی دوسری اننگز 128 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور پوری ٹیم 194 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کیلب فالکنر نے 10 چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے۔
لیفٹ آرم اسپنر علی عثمان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 9.1 اوورز میں 42 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ عبید شاہ نے 9 رنز دے کر کھلاڑی آؤٹ کیے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے ہیڈنگلے لیڈز میں شروع ہوگا۔
دوسرا ٹیسٹ 27 اگست سے لارڈز میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے ایجبسٹن میں ہوگا۔



Leave a Reply