URDUمایوسی پاکستان ٹیم کا ساتھ چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ، ایجبسٹن ٹیسٹ میں صرف 133 رنز پر آؤٹ

مایوسی پاکستان ٹیم کا ساتھ چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ، ایجبسٹن ٹیسٹ میں صرف 133 رنز پر آؤٹ

ایسا دکھائی دیتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم گزشتہ دنوں اپنے ساتھ پیش آنے والے  اس بڑے طوفان کے اثرات  سے ابھی تک نکل نہیں پائی ہے جس نے اس کا اعتماد بری طرح متاثر کیا ہے۔ یہ بات ایجبسٹن ٹیسٹ کے پہلے ہی دن اس کی مایوس کن  بیٹنگ  سے ظاہر ہوگئی جس میں وہ اپنی پہلی اننگز میں  33.5   اوورز کھیل کر صرف 133  رنز بناکر آؤٹ ہوگئی لیکن اس کارکردگی میں بیٹرز کے غلط شاٹس سلیکشن کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

ابتک اس سیریز میں پاکستان ٹیم پانچ اننگز کھیل چکی ہے اور کسی میں بھی 200  رنز تک بھی نہیں پہنچ پائی ہے۔اس نے اس سیریز میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ   50.5   اوورز کھیلے ہیں۔

پاکستان ٹیم پہلے ہی سیشن میں 100  رنز پر 7  وکٹوں سے محروم ہوچکی تھی۔

پاکستان سے گئے ہوئے سات  میں سے دو کھلاڑیوں عمران رندھاوا اور رضاء اللہ  کے ساتھ ساتھ انگلینڈ میں پہلے سے موجود غازی غوری کو ٹیسٹ کیپ مل گئی۔ ان تین کے علاوہ  ایک سال پہلے اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے وائٹ بال اسپیشلسٹ صائم ایوب کی بھی کیریبئن لیگ سے بلاکر ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کرادی گئی  جو گزشتہ سیزن میں صرف دو فرسٹ کلاس میچز کھیل پائے تھے۔

عبداللہ فضل جو ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ ٹور کے اصل اسکواڈ کا حصہ تھے۔ واپس آئے  لیکن پلیئنگ الیون میں جگہ نہ بناسکے۔حیران کن طور پر سب سے تیز رفتار بولر عبید شاہ بھی گیارہ میں نہ آسکے۔

دوسری جانب انگلینڈ نے اسی ٹیم پر مکمل اعتماد برقرار رکھا جس نے ہیڈنگلے اور لارڈز میں پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا اس طرح یہ آٹھواں موقع ہے کہ انگلینڈ نے پوری سیریز گیارہ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلی ہے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ دی اور تیسرے ہی اوور میں پہلی کامیابی حاصل کرلی جب صائم ایوب 10 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے اولی رابنسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

یہ ٹیسٹ کرکٹ میں اولی رابنسن کی  100 ویں وکٹ بھی تھی۔

اذان اویس  9 رنز بناکر جوفرا آرچر کی گیند پر  مڈ وکٹ  پر جوش ٹنگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

عبداللہ شفیق صرف 3 رنز بناکر رابنسن کی گیند پر سلپ میں ڈین لارنس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔ پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز کی نصف سنچری کے بعد عبداللہ شفیق کا بلا بھی خاموش ہوگیا ہے۔

اپنا 50 واں ٹیسٹ کھیلنے والے شان مسعود  5 رنز پر جوفرا آرچر کی اٹھتی ہوئی گیند پر متبادل فیلڈر تھیو وائلی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے یوں پاکستان کی چار وکٹیں پہلے ہی گھنٹے میں صرف 26 رنز پر گرچکی تھیں۔

کپتان بابراعظم کو7  رنز پر جوش ٹنگ نے بولڈ کردیا جنہوں نے میچ سے قبل  پریس کانفرنس میں سب کو یہ یاد دلایا تھا کہ  ویسٹ انڈیز کے خلاف وہ  پلیئر آف دی سیریز تھے لیکن یہ بات بھی نہیں بھولنی چاہیے کہ وہ ابتک بغیر سنچری کے لگاتار 39 ٹیسٹ اننگز کھیل چکے ہیں۔

پاکستان کی پانچویں وکٹ 48 رنز پر گری اور یہ بات بھی اہم کہ ٹاپ آرڈر  کے پانچوں  بیٹرز ڈبل فگرز میں آئے بغیر آؤٹ ہوئے ۔

وکٹ کیپر غازی غوری نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ہی گیند پر چوکا لگایا لیکن پانچویں ہی گیند پر جوش ٹنگ نے ایل بی ڈبلیو کرکے انہیں واپسی کا راستہ دکھادیا۔

ٹنگ نے  عمران رندھاوا کو 5 رنز پر بولڈ کیا اور پھر اپنی چوتھی کامیابی سعود شکیل کو 43 رنز پر بولڈ کرکے حاصل کی۔

اس سے قبل رضاء اللہ کھانے کے وقفے کے بعد پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوکر رابنسن کی تیسری وکٹ بن چکے تھے۔

محمد عباس ( 21  ) اور محمدعلی ( 5 )  نے آخری وکٹ کی شراکت میں 26 رنز کا اضافہ کیا جو پاکستان کی اننگز کی سب سے بڑی پارٹنرشپ تھی۔ عباس کو آؤٹ کرکے آرچر نے اپنی تیسری کامیابی حاصل کی۔

جوش ٹنگ نے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اس سیریز میں ان کی وکٹوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

اولی رابنسن نے 15رنز دے کر  3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہیڈنگلے اور لارڈز کے پلیئر آف دی میچ رابنسن کی اس سیریز میں وکٹوں کی تعداد ابتک 19  ہوچکی ہے۔

جوفرا آرچر نے 25 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے وہ ابتک مجموعی طور پر سیریز میں 11وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔۔

انگلینڈ نے پہلے دن کھیل ختم ہونے پر 4 وکٹوں  پر  156رنز بنائے تھے۔اس کی برتری 23  رنز کی ہوچکی ہے۔

بین ڈ کٹ 11 رنز بناکر محمد علی کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔جارڈن کاکس کو 4 رنز پر عباس نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔

فاسٹ بولر رضاء اللہ نے اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز اپنے پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پرکپتان جو روٹ کو 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے کیا۔ انہوں نے دوسری کامیابی اپنے ساتویں اوور میں ایمیلیو گے کو 60 رنز پر بولڈ کرکے حاصل کی۔

ایمیلو گے  نے ہیری  بروک کے ساتھ  چوتھی وکٹ کی شراکت میں 104 رنز کا اضافہ کیا۔

ہیری بروک 52  اور ڈین لارنس 5رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.