پی ایس ایل 11 : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز نے میچز جیت لیے۔
لاہور ۔ پاکستان سپر لیگ 11 کے چوتھے روز کھیلے گئے میچوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدرآْباد کنگز کو 40 رنز سے شکست دیدی۔
یہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹورنامنٹ میں پہلی جیت ہے جبکہ حیدرآباد کنگزلگاتار دوسرا میچ ہاری ہے۔
کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف چار وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
کراچی کنگز نے اپنا دوسرا میچ جیتا ہے۔
پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز اسکور کیے۔
جواب میں حیدرآْباد کنگزمین 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر134 رنز بناپائی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے شامل حسین نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری اسکور کی اور تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے۔حسن نواز نے بھی تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ اگر ٹام کرن تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31رنز کی اننگز نہ کھیلتے تو گلیڈی ایٹرز کی پوزیشن مزید خراب ہوسکتی تھی کیونکہ کپتان سعود شکیل 4 رائلے روسو صفرخواجہ نافع6 اور بین مکڈرمٹ صفرکی مایوس کن کارکردگی نے گلیڈی ایٹرز کے لیے ایک معقول اسکور تک پہنچنا مشکل بنادیا تھا۔
حیدرآباد کنگز کی طرف سے رائلی میریڈتھ تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔مہیش تھیکشانا اور عاکف جاوید نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
حیدرآباد کنگز کا آغاز مایوس کن رہا ۔ پاور پلے میں ہی اس کی تین وکٹیں گرگئیں جن میں سے دو کو ابرار احمد نے آؤٹ کیا۔ صائم ایوب 8معاذ صداقت صفر اور عثمان خان 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ان مشکلات پر آنے والے بیٹرز بھی قابو پانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ کپتان مارنس لبوشین صرف 23 اور سعد علی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ عرفان خان کے 33 اور حسان خان کے31 رنز حیدرآْباد کنگز کو میچ میں واپس لانے میں ناکافی ثابت ہوئے۔
گلیڈی ایٹرز کی طرف سے ابرار احمد نے 23 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔احمددانیال نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
شامل حسین کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔وہ پہلے پاکستانی بیٹر ہیں جنہوں نے پی ایس ایل کا ڈیبیو کرتے ہوئے اپنے پہلے دو میچوں میں نصف سنچریاں بنائی ہیں۔
دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 128 رنز بنائے۔
کراچی کنگز نے جواب میں آخری اوور میں چھوکٹوں پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
لاہور قلندرز کو اننگز کے پہلے ہی اوور میں فخرزمان کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو ایک رن بناکر معین علی کی گیند پر وکٹ کیپر اعظم خان کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے۔ اننگز کے چوتھے اوور میں محمد نعیم بھی 13 رنز بناکر میرحمزہ کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
ایڈم زمپا نے اپنے پہلے ہی اوور میں عبداللہ شفیق کی 33 رنز کی اننگز کا خاتمہ حسن علی کے عمدہ کیچ کی بدولت کردیا۔
دوسری جانب سلمان علی آغا نے اپنے دوسرے اوور میں پرویز ایمون کو 12 رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے لاہور قلندرز کی مشکلات میں اضافہ کردیا ۔ یہ چوتھی وکٹ 62 رنز پر گری۔ عباس آفریدی نے سکندر رضا کو19 رنز پر آؤٹ کرکے حسیب اللہ کے ساتھ ان کی 43 رنز کی شراکت ختم کردی ۔
معین علی نے اپنی دوسری کامیابی کپتان شاہین آفریدی کو7 رنز پر ایل بی ڈبلیوکرکے حاصل کی تو لاہور قلندرز کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز تھا۔ صرف 4 رنز کے اضافے پر ایڈم زمپا نے بھی اپنی دوسری وکٹ اسامہ میر کو رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے حاصل کی۔
حسیب اللہ کے 28 رنز پر حسن علی کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کے بعد حارث رؤف بھی اگلے ہی اوور میں میرحمزہ کی دوسری وکٹ بن گئے ۔
کراچی کنگز کی اننگز میں کئی اتار چڑھاؤ آئے ۔ شاہین آفریدی کی چار وکٹوں کی شاندار بولنگ نے کراچی کنگز کے لئے ہدف تک پہنچنا مشکل ہوگیا تھا آخری اوور میں کراچی کو جیت کے لئے چودہ رنز درکار تھے اس موقع پر بال کی کنڈیشنز میں تبدیلی پر کراچی کو پانچ رنز پنالٹی کے مل گئے جس کے بعد عباس آفریدی نے حارث رؤف کو ایک چوکے اور ایک چھکے کے ساتھ تین گیندیں پہلے جیت پر مہر تصدیق کردی۔ پلیئرآف دی میچ ایوارڈ ایڈم زمپا نے حاصل کیا
نے حاصل کیا۔
پیر کو کوئی میچ نہیں ہوگا ۔ منگل کے روز کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائٹڈ کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا۔



Leave a Reply