پاکستان 232 ، بابراعظم 68 ، بنگلہ دیش کی برتری 156 رنز
سلہٹ ۔ نہ اوپنرز سے رنز ہوئے اور نہ ہی مڈل آرڈر بیٹسمین کریز پر ٹھہر سکے۔ بابراعظم کے 68 رنز نکال دیں تو پاکستان کی بیٹنگ میں کچھ بھی نہیں بچتا۔یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ پاکستان ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف 57 اعشاریہ 4 اوورز کھیل کر 232 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔
بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں46 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 110 رنز بنالیے تھے اسطرح اس کی مجموعی برتری 156 رنز کی ہوچکی تھی۔
پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز شروع کی لیکن مشکلات نے اسے جلد ہی گھیر لیا اور پہلے ہی سیشن میں چار وکٹیں حاصل کرکے بنگلہ دیش ٹیم نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔
دن کے دوسرے ہی اوور میں تسکین احمد نے عبداللہ فضل کو 9 رنز پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ کرادیا اور پھر اذان اویس کو بھی 13 رنز پر مومن الحق کے کیچ کے ذریعے واپسی کی راہ دکھائی۔
کپتان شان مسعود صرف 21 رنز بناکر مہدی حسن میراز کے پہلے ہی اوور میں شارٹ کور پر متبادل فیلڈر نعیم حسن کو کیچ دے گئے۔ یہ اس سیریز میں ان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔ ڈھاکہ ٹیسٹ میں وہ 2 اور 9 رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔
سعود شکیل کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ڈھاکہ میں صفر اور 15 کے بعد اس مرتبہ وہ صرف 8 رنز بناکر سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مہدی حسن میراز کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
بابراعظم نے جو گھٹنے کی تکلیف کے سبب پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے اعتماد سے کھیلتے ہوئے چند خوبصورت اسٹروکس کھیلے ۔ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ وہ کافی عرصے سے سنچری نہ اسکور کرنے کا جمود آج توڑ دینگے لیکن 68 کے اسکور پر ناہید رانا کی گیند کو لیگ سائیڈ پر کھیلنے کی کوشش میں وہ مڈ آن پر مشفق الرحیم کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ ان کی 84 گیندوں پر مشتمل اس اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔ ناہید رانا نے انہیں تیسری مرتبہ آؤٹ کیا ہے۔
سلمان آغا کو بھی سعود شکیل کی طرح سوئپ کھیلنے کی غلطی مہنگی پڑی اور وہ محض 21 رنز بناکر تائیج الاسلام کی گیند پر مومن الحق کو کیچ دے گئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ صرف 174 کے اسکور پر گری۔
رضوان ایک بار پھر اپنی وکٹ نہ بچاسکے اور13 رنز بناکر تائیج الاسلام کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔حسن علی اور خرم شہزاد کا کریز پر قیام مختصر رہا لیکن ساجد خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 38 رنز کی اننگز کھیل ڈالی جس میں لگاتار تین چھکے تائیج الاسلام کی گیندوں پر لگائے تھے۔
ساجد خان کے انہی 38 رنز کی وجہ سے پاکستان ٹیم پہلی اننگز کا خسارہ کافی حد تک کم کر پائی۔
بنگلہ دیش کے بولرز میں ناہید رانا اور تائیج الاسلام نے بالترتیب 60 اور 67 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز دو دو کھلاری آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
بنگلہ دیش کی پہلی اننگز میں تنزیدحسن 4 رنز بناکر خرم شہزاد کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ محمود الحسن کی دس چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز محمد عباس کی گیندپر عبداللہ فضل کے کیچ نے ختم کی۔
خرم شہزاد نے دن کے آخری اوور میں مومن الحق کو 30 رنز پر رضوان کے ہاتھوں کیچ کرادیا ۔ کھیل ختم ہونے پر کپتان نجم الحسین شانتو 13رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔



Leave a Reply