URDUپاکستان اور زمبابوے کےدرمیان ویمنز وائٹ بال سیریز

پاکستان اور زمبابوے کےدرمیان ویمنز وائٹ بال سیریز

کراچی ۔ پاکستان اور زمبابوے کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان وائٹ بال سیریز پیر کے روز سے کراچی میں شروع ہونے والی ہے اور میزبان ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 29-2025 میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرسکے۔
زمبابوے ویمنز ٹیم کا یہ پہلا دورۂ پاکستان ہے جس میں تین ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے جائیں گے ۔ تمام میچز نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہونگے۔
پاکستان اور زمبابوے دونوں نے اب تک ایک ایک سیریز کھیلی ہے۔ پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2-1 سے شکست کھائی جبکہ زمبابوے کو نیوزی لینڈ کے خلاف 3-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی 11 ٹیموں میں سے ہر ایک ٹیم تین میچوں کی آٹھ سیریز کھیلے گی، جن میں چار ہوم اور چار اوے سیریز شامل ہوں گے جس کے بعد عالمی رینکنگ کی ٹاپ سات ٹیمیں اور ویمنز ورلڈ کپ 2029 کی میزبان ٹیم یا ٹیمیں، براہ راست ایونٹ کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ باقی تین ٹیمیں خواتین کرکٹ ورلڈ کپ 2029 کے کوالیفائر میں حصہ لیں گی ۔آئی سی سی نے ابھی تک کوالیفائرز اور ورلڈ کپ کے میزبانوں کا اعلان نہیں کیا ہے۔ پاکستان جس نے گزشتہ سال لاہور میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر 2025 کا کامیابی سے انعقاد کیا تھا دو میں سے کسی ایک ایونٹ کی میزبانی کے لیے فیورٹ کے طور پر اب بھی موجود ہے۔ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 بھارت میں ہوا تھا لیکن پاکستان نے آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان معاہدے کے تحت کولمبو میں اپنے میچز کھیلے تھے۔
یہ زمبابوے کی آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 2025-29 میں پہلی شرکت ہوگی ۔گزشتہ سال آئی سی سی نے سریز کو 10 سے بڑھا کر 11 ٹیموں تک کر دیا تھا۔ پاکستان نے پچھلے تین ایڈیشنز میں حصہ لیا ہے اور ساتویں، پانچویں اور نویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ آسٹریلیا نے پچھلی تین آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ جیتی ہیں۔
ون ڈے سیریز کے بعد 12 سے 15 مئی تک ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی اور یہ سیریز دونوں ٹیموں کو اگلے ماہ انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاری کا مفید موقع فراہم کرے گی۔ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے بعد پاکستان آئرلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں ویسٹ انڈیز وہ تیسری ٹیم ہوگی جو 28 مئی سے 4 جون تک ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہونے والی سہ فریقی سیریز میں شرکت کرے گی۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز 12 جون کو ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان ویمنز کرکٹرز نے مارچ/ اپریل میں لاہور میں نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی میں حصہ لیا تھا جبکہ 50 اوورز کے مقابلے گزشتہ سال نومبر/ دسمبر میں فیصل آباد میں منعقد ہوئے تھے۔ 50 اوورز کے ایونٹ میں فاطمہ ثنا کی کانکررز اور سدرہ امین کی اسٹارز مشترکہ فاتح رہی تھیں جبکہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں طوبی حسن کی قیادت میں اسٹارز نے منیبہ علی کی قیادت میں انونسیبلز کو 52 رنز سے شکست دی تھی۔
فاطمہ ثنا پاکستان کی کپتان ہوں گی۔ وہ بہترین فارم میں ہیں، اور جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے میچز میں 117 رنز بنانے اور چار وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچز میں 146 رنز بنانے اور دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں فاطمہ نے 190 رنز بنائے اور آٹھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔

مومنہ ریاست 15 رکنی پاکستان اسکواڈ میں واحد نئی کھلاڑی ہیں۔ 23 سالہ مومنہ نے دسمبر میں 50 اوورز کے ٹورنامنٹ میں 19 وکٹیں حاصل کیں اور حال ہی میں نیشنل ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں 16 وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوے اسکواڈ میں کئی تجربہ کار نام موجود نہیں ہیں جن میں جوزفین نکومو اور نیاشا گوانزورا (دونوں زخمی ہیں) چیپو موگیری تریپانو (دستیاب نہیں) اور موڈیسٹر موپاچیکوا، چیڈزا دھورورو، لورین ٹی شوما، لورین فیری اور ٹینڈائی ماکوشا (سلیکٹ نہیں ہوئیں ) شامل ہیں۔
نومویلو سیبانڈا پہلی بار ٹیم کی قیادت کریں گی جبکہ طویل عرصے تک ٹیم کی کپتان رہنے والی میری این مسونڈا نے پچھلے ماہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
سیریز میں قابل توجہ کھلاڑیوں میں آل راؤنڈر کیلس این ڈھلوو شامل ہیں، جو پچھلے ماہ نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران سر کی چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد واپس آئی ہیں ان کے ساتھ دیگر ابھرتی ہوئی کھلاڑی بیلوڈ بیزا اور ایڈل زیمونو بھی شامل ہیں۔
پاکستان ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ:
فاطمہ ثنا (کپتان) عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ ، مومنہ ریاست، منیبہ علی (وکٹ کیپر )، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر )، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب۔
ریزرو کھلاڑی ۔ ارم جاوید، ایمان فاطمہ، سائرہ جبین، طوبی حسن اور امبر کائنات۔
زمبابوے اسکواڈ : نومویلو سیبانڈا (کپتان) بی لووڈ بیزا، اولینڈر چیر، کُڈزائی چیگورا، میلنڈا کاچنوے، لینڈوکُولے مابیرا، پریشئس مارنجے، مشل ماوونگا، نتاشا ایم تومبا، کرسٹینا متاسا، وِمبائی متونگ ویندو، کیلس این دھلووو، کیلی این دیرایا، رون یارارو پاسی پانودیا، ایڈل زیمونو۔
میچوں کا شیڈول ، تمام میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی میں ہوں گے
4 مئی پہلا ون ڈے انٹرنیشنل (3:30 بجے شام )
6 مئی دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل (3:30 بجے شام)
9 مئی تیسرا ون ڈے (3:30 بجے شام)
12 مئی پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل (7:30 بجے شام)
14مئی دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل (7:30 بجے شام)
15 مئی تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل (7:30 بجے شام)

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.