پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں ، احمد حسین کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی
دفاعی چیمپئن پاکستان انڈر 19 نے ایشیا کپ انڈر 19 ٹورنامنٹ میں احمد حسین کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت نیپال انڈر19 کو 101 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
یہ پاکستان ٹیم کی گروپ اے میں لگاتار تیسری کامیابی ہے ۔اس نے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات انڈر 19 کو 9 وکٹوں سے اور دوسرے میچ میں بھارت انڈر 19 کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
عمان میں جاری ٹورنامنٹ میں نیپال نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ دی جس نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 257 رنز بنائے۔
نیپال کی ٹیم جواب میں 43.4 اوورز میں 174 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی اننگز میں اوپنرز عثمان خان 19 جہانگیر بلال 22 اور عبدالقادر 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ تین وکٹوں کے گرنے پر پاکستان کا اسکور صرف 64 رنز تھا۔
اس موقع پر کپتان فرحان یوسف اور احمد حسین نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 135 رنز کا اضافہ کیا۔
احمد حسین نے 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بنائے۔ فرحان یوسف نے 3 چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے74 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیپال کی طرف سے بپن شرما نے 58 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
نیپال کی اننگزمیں روہیت چند 37 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
احمد حسین نے 35 رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کیں۔ محمد صیام اور محمد حذیفہ نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔



Leave a Reply