پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز، ورلڈ کپ کی تیاری کا حصہ
جس روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈومیسٹک ڈپارٹمنٹ نے 27-2026 کے سیزن کا کیلنڈر جاری کیا جس میں ورلڈ کپ کے سال کے دوران کوئی بھی 50 اوورز کا ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شامل نہیں ہے اسی روز بورڈ کے انٹرنیشنل کرکٹ ڈپارٹمنٹ نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا اعلان بھی کردیا ۔
یہ سیریز 15 سے 26 مئی 2027 تک کھیلی جائے گی ۔ یہ میچز ساؤتھمپٹن ( 15مئی ) مانچسٹر( 19مئی ) لیڈز ( 21 مئی ) چیسٹرلی اسٹریٹ ( 23 مئی ) اور کارڈف ( 26 مئ ) میں کھیلے جائیں گے۔ پی سی بی کے مطابق یہ سیریز دونوں ٹیموں کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری کا بہترین موقع فراہم کرے گی جو 4 اکتوبر سے 21 نومبر تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے آخری مرتبہ 2021 میں انگلینڈ کا دورہ ایک روزہ سیریز کے لیے کیا تھا جہاں اسے تین صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 1974 میں انگلینڈ میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی ون ڈے سیریز جیتنے کے بعد سے پاکستان اب تک وہاں کوئی بھی دوطرفہ ایک روزہ سیریز جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان انگلینڈ میں اب تک 11 ون ڈے سیریز کھیلی جا چکی ہیں، جن میں سے پاکستان کو 10 میں شکست ہوئی جبکہ اس کی بہترین کارکردگی 2006 میں انضمام الحق کی قیادت میں سامنے آئی جب سیریز 2-2 سے برابر رہی تھی ۔
آئی سی سی کی تازہ ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان پانچویں نمبر پر ہے اور براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی مضبوط پوزیشن میں ہے جبکہ ساتویں نمبر پر موجود انگلینڈ بھی آٹومیٹک کوالیفکیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں جگہ بنانے کی دوڑ میں شامل ہے۔
اگرچہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ابھی تک 2027 ورلڈ کپ کے کوالیفکیشن نظام کی باضابطہ تصدیق نہیں کی تاہم میزبان جنوبی افریقہ اور زمبابوے کی ٹورنامنٹ میں شرکت یقینی ہے۔ توقع ہے کہ مزید آٹھ ٹیمیں آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ کی بنیاد پر براہِ راست کوالیفائی کریں گی جبکہ باقی چار ٹیمیں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کے ذریعے جگہ بنائیں گی۔
اس وقت انگلینڈ 93 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے اور آٹھویں نمبر پر موجود افغانستان (90 پوائنٹس) سے صرف تین پوائنٹس آگے ہے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش (83)، ویسٹ انڈیز (77)، آئرلینڈ (54) اور اسکاٹ لینڈ (43) کا نمبر آتا ہے۔



Leave a Reply