سلہٹ ٹیسٹ : بنگلہ دیش کو جیت کے لیے صرف تین وکٹیں درکار
سلہٹ ۔ لیفٹ آرم اسپنر تائیج الاسلام کی چار اہم وکٹوں کی شاندار کارکردگی نے بنگلہ دیش کو پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں جیت کے قریب کردیا ہے۔
سلہٹ ٹیسٹ کا چوتھا دن ختم ہوا تو پاکستان نے 437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 316 رنز بنائے تھے لیکن اس کی 7 وکٹیں گرچکی تھیں اور بنگلہ دیش ٹیم تاریخی جیت سے صرف تین وکٹوں کی دوری پر تھی جبکہ پاکستان ٹیم کو جیتنے کے لیے اب بھی 121 رنز درکار ہیں۔
تائیج الاسلام نے بابراعظم۔ شان مسعود اور سلمان علی آغا کو ایسے وقت آؤٹ کیا جب وہ سیٹ ہوکر ایک بڑی اننگز کی طرف بڑھ رہے تھے۔
پاکستان نے چوتھے دن بغیر کسی نقصان کے صفر پردوسری اننگز شروع کی لیکن 27رنز پر عبداللہ فضل کی وکٹ گرگئی جو6 رنز بناکر ناہید رانا کی گیند پر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
صرف 14رنز کے اضافے پر پاکستان کو اذان اویس کا نقصان اٹھانا پڑا جو 21رنز بناکر مہدی حسن میراز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔
دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہوجانے کے بعد کپتان شان مسعود اور بابراعظم اعتماد سے آگے بڑھ رہے تھے کہ بنگلہ دیش کو بابراعظم کی اہم وکٹ مل گئی۔
بابراعظم نے تائیج الاسلام کی گیند کو لیگ سائیڈ پر کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند بلے کا کنارہ لیتی ہوئی وکٹ کیپر لٹن داس کے گلووز میں محفوظ ہوگئی ۔ بابراعظم نے 52گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 47 رنز بنائے ۔
بابراعظم اور شان مسعود کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 92 رنز بنے۔
اس بڑے نقصان کے بعد آؤٹ آف فارم سعود شکیل صرف 6 رنز بناکر ناہید رانا کی آف اسٹمپ سے باہر کی گیند پر وکٹ کیپر لٹن داس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
سعود شکیل 2024 میں انگلینڈ کے خلاف 134 رنز کی اننگز کے بعد سے ابتک 16 اننگز میں کوئی سنچری نہیں بناسکے ہیں۔
اگلے ہی اوور میں بنگلہ دیش کو ایک اور اہم کامیابی حاصل ہوگئی جب شان مسعود 8 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر تائیج الاسلام کی گیند پر شارٹ لیگ پر محمود الحسن کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ پاکستان کی تین وکٹیں اسکور میں صرف 29 رنز کے اضافے پر گرگئیں۔
سلمان علی آغا اور رضوان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے میزبان ٹیم کے اعصاب کا امتِحان لینا شروع کیا ۔یہ دونوں پاکستان ٹیم کو اپنے ہدف سے قریب کررہے تھے لیکن 134 رنز کی یہ اہم شراکت تائیج الاسلام نے سلمان علی آغا کو نئی گیند سے بولڈ کرکے ختم کردی۔
سلمان علی آغا نے 102 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے71 رنز اسکور کیے۔
تائیج الاسلام کو چوتھی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا جب انہوں نے حسن علی کو صفر پر سلپ میں نجم الحسین شانتو کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔
کھیل کے اختتام پر رضوان 134 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے75 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے ان کے ساتھ ساجد خان 8 رنز پر کریز پر موجود تھے۔
تائیج الاسلام 113 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
ناہید رانا نے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔



Leave a Reply