پاکستان ویمنز ٹیم کی انتہائی مایوس کن کارکردگی، بنگلہ دیش ویمنز کے ہاتھوں 23 رنز سے شکست
ساؤتھمپٹن ۔ پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے یہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایک بھیانک خواب ثابت ہوا ہے ۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے بعد اسے بنگلہ دیش نے بھی 23 رنز کی ہزیمت سے دوچار کردیا۔
اس تازہ ترین شکست کی ذمہ دار پاکستان ٹیم کی بیٹرز تھیں جن سے124 رنز کا ہدف بھی عبور نہ ہوسکا اور پوری ٹیم 8 وکٹوں پر صرف 100 رنز بناسکی۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم کو بھارت نے 64 رنز سے اور جنوبی افریقہ نے 2 وکٹوں سے شکست دی تھی ۔
اس ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی تین میچوں میں یہ دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل اسے آسٹریلیا نے 9 وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ اس نے ہالینڈ کو6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان ویمنز ٹیم کی بنگلہ دیش ویمنز کے خلاف 21 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں یہ 5 ویں شکست ہے۔آخری پانچ میچوں میں بنگلہ دیش نے چار جیتے ہیں۔
ہفتے کے روز ساؤتھمپٹن میں بنگلہ دیش ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے۔
جواب میں پاکستان ویمنز 20 اوورز میں 8 وکٹوں پرصرف 100 رنز بناسکی۔
پاکستان ٹیم دو تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ۔رامین شمیم اور نتالیہ پرویز کی جگہ سائرہ جبین اور تسمیہ رباب کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
بنگلہ دیش کو اپنی اننگز کے دوسرے ہی اوور میں دو وکٹوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا جب فاطمہ ثنا نے دلارا اختر کو 5 رنز پر نشرہ سندھو کے ہاتھوں کیچ کرایا اور پھر شرمین اختر کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔
پاکستان کو تیسری کامیابی 13 کے اسکور پر جویریہ فردوس کی وکٹ کی صورت میں ملی جو 7رنز بناکر تسمیہ رباب کی گیند پر نشرہ سندھو کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔
کپتان نگار سلطانہ اور سبھانا موستری اسکور کو 48تک لے گئیں۔اس موقع پر منیبہ علی کے کہنے پر فاطمہ ثنا کا ریویو لینے کا فیصلہ پاکستان کو سبھانا موستری کی وکٹ دلاگیا جو تین چوکوں کی مدد سے22 رنز بناکر نشرہ سندھو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔
پاکستان کو پانچویں وکٹ بھی مل گئی تھی جب طوبٰی حسن کی گیند پر امپائر نے رتو مونی کو کاٹ بی ہائینڈ آؤٹ دے دیا لیکن ریویو پر مونی اپنی وکٹ اسوقت تو بچاگئیں لیکن 7 رنز پر وہ طوبٰی حسن ہی کی گیند پر عالیہ ریاض کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔ بنگلہ دیش کی پانچویں وکٹ 72 رنز پر گری۔
92 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو چھٹی وکٹ بھی مل گئی جب کپتان نگار سلطانہ 5 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بناکر سعدیہ اقبال کی گیند پر سائرہ جبین کے ہاتھوں کیچ ہوگئیں۔
شورنا اکتر 5 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں انہوں نے رابعہ خان کے ساتھ ساتویں وکٹ کی شراکت میں 31 رنز کا اضافہ کیا جس میں رابعہ کا حصہ صرف 4 رنز رہا۔
پاکستان کی آخری 6 وکٹیں صرف 14 رنز کے اضافے پر گرگئیں۔
ناہیدہ اکتر اور سنجیدہ اکتر نے بالترتیب 18 اور21 رنز دے کر تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان ٹیم گروپ اے میں اپنا چوتھا میچ 23جون کو چھ بار کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف ہیڈنگلے میں کھیلے گی جبکہ اس کا آخری گروپ میچ 27جون کو ہالینڈ کے خلاف برسٹل میں ہوگا۔



Leave a Reply