ایم آئی ٹی سلوشنز پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ کی فاتح ، پہلی اننگز کی برتری پر کنگزمین اکیڈمی کو ہرادیا
ایبٹ آباد ۔ ایم آئی ٹی سلوشنز نے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ ٹورنامنٹ جیت لیا۔
ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں ایم آئی ٹی سلوشنز اور کنگز مین اکیڈمی کے درمیان چار روزہ فائنل ڈرا ہوگیا تاہم ایم آئی ٹی پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر فاتح قرار پائی اس طرح اس نے ستمبر میں ہونے والے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔
کنگز مین اکیڈمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 247 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اس اننگز کی خاص بات پاکستان انڈر 19 ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد شایان کی شاندار بیٹنگ تھی جنہوں نے 6 چھکوں اور 16چوکوں کی مدد سے 142 رنزاسکور کیے۔
محمد عرفان نے چار اور خبیب خلیل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ایم آئی ٹی سلوشنز نے پہلی اننگز میں329 رنز بناکر 82 رنز کی برتری حاصل کرلی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی ۔اس کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 87 اور زاہد منصور نے 50 رنز بنائے۔جنید احمد نے 82رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
کنگزمین اکیڈمی نے دوسری اننگز میں6 وکٹوں کے نقصان پر385 رنز بنائے۔محمد طیب 79 اور رانا فصیح اللہ 71 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد ارشد نے 63 نجب خان نے 59 اور پہلی اننگز کے سنچری میکر محمد شایان نے 63 رنز بنائے۔
ایم آئی ٹی سلوشنز کو جیتنے کے لیے 304 رنز کا ہدف ملا تھا۔ کھیل کے اختتام پر اس نے 4 وکٹوں پر 208 رنز بنائے تھے۔ حسنین ندیم ( 26 ) اور آفاق احمد ( 40 ) نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز کا اضافہ کیا۔
عبداللہ شفیق نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 8 چوکوں کی مدد سے60 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔انہوں نے زاہد منصور کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 85 رنز کا اضافہ کیا ۔ زاہد نے 40 رنز بنائے اور وہ بھی آؤٹ نہیں ہوئے۔
عبداللہ شفیق نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 911 رنز اسکور کیے جس میں 3 سنچریاں اور 4 نصف سنچریاں شامل تھیں۔
ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 42 وکٹیں پی ایچ اے راولپنڈی کے فاسٹ بولر محمد طاہر نے حاصل کیں۔



Leave a Reply