URDUپی ایس ایل 11 : پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 24رنز سے ہرادیا

پی ایس ایل 11 : پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 24رنز سے ہرادیا

کراچی : پاکستان سپر لیگ 11 میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 24 رنز سے شکست دیدی۔
یہ پشاور زلمی کی چھ میچوں میں پانچویں کامیابی ہے۔اس کے گیارہ پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ ملتان سلطانز کے آٹھ پوائنٹس ہیں۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پیر کے روز ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ دی جس نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر196 رنز بنائے۔
جواب میں ملتان سلطانز 20 اوورز میں 8وکٹوں پر 172رنز بناپائی۔
پشاور زلمی کو محمد حارث اور کپتان بابراعظم نے 48 رنز کا آغاز فراہم کیا۔محمد حارث صرف 17گیندوں پر 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے38 رنز بناکر پیٹرسڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے خاص طور پر محمد نواز کو اپنے نشانے پر رکھا تھا ۔ان کے پہلے ہی اوور میں 2چوکے لگائے اور پھر ان کے اگلے ہی اوور میں 2چھکے لگائے۔
بابراعظم 18 رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر متبادل فیلڈر محمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے لیکن کوسال مینڈس کی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا انہوں نے6 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے68 رنز کی اننگز کھیلی ۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں ان کی مسلسل تیسری بڑی اننگز ہے۔انہوں نے کراچی کنگز کے خلاف سنچری بنائی تھی جبکہ لاہور قلندرز کے خلاف 74رنز بنائے تھے۔
پشاور زلمی کی گرنے والی تیسری وکٹ فرحان یوسف کی تھی جو تین چھکوں کی مدد سے 30 رنز بناکر محمد وسیم جونیئر کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ مائیکل بریسویل14 رنز بناکر محمد اسمعیل کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو زلمی کا اسکور چار وکٹوں پر169 رنز تھا۔اسی اووور میں کوسال مینڈس بھی نواز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
افتخار احمد ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے10 رنز بناکر پیٹرسڈل کی گیند پر نواز کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو مجموعی اسکور 6 وکٹوں پر190 رنز تھا۔
عبدالصمد اور عامر جمال بالترتیب 4 اور2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اسمعیل اور پیٹر سڈل دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
ملتان سلطانز کا آغاز جارحانہ تھا لیکن تیسرے اوور میں 30 رنز کے مجموعی اسکور پر صاحبزادہ فرحان کی وکٹ گری جو تین چوکوں کی مدد سے 17 رنز بناکر افتخار احمد کی گیند پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
اسٹیو اسمتھ اور جوش فلپ نے اسکور میں 55 رنز کا اضافہ کیا لیکن سفیان مقیم نے ایک ہی اوور میں دونوں کو آؤٹ کردیا۔ اسمتھ نے 3چوکوں کی مدد سے 31رنز بنائے۔فلپ نے 32 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6چوکے شامل تھے۔
شان مسعود اور کپتان ایشٹن ٹرنر کے درمیان 37رنز کی شراکت بھی سفیان مقیم نے ٹرنر کو 20 رنز پر بولڈ کرکے ختم کی۔
شان مسعود 19 گیندوں پر5 چوکوں کی مدد سے35 رنز بناکر افتخار احمد کی گیند پر عبدالصمد کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو ملتان سلطانز کو جیت کے لیے مزید 51 رنزدرکار تھے۔
عرفات منہاس صرف 4 رنز بناکر ناہید رانا کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ ہوئے تو ملتان سلطانز کا اسکور 6 وکٹوں پر154 رنز تھا۔
ملتان سلطانز کو تین اوورز میں جیتنے کے لیے 40 رنز درکار تھے لیکن محمد نواز اور وسیم جونیئر اس صورتحال میں توقعات پر پورا نہ اترسکے۔ وسیم جونیئر 4رنز بناکر ناہید رانا کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ نواز 16رنز بناکر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
سفیان مقیم نے 30رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس ٹورنامنٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے جو سب سے زیادہ ہے۔
افتخار احمد اور ناہید رانا دو دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
منگل کو آرام کا دن ہے۔ بدھ کو پشاور زلمی کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

The author

Lorem ipsum dolor sit amet, conse ctetuer adipiscing elit, sed diam nonum nibhie. Aenean sollici tudin, lorem auci elit consequat ipsutis sem niuis sed odio sit amet nibh vulputate cursus.

GET IN TOUCH WITH US

At Grassroots Cricket, we give paramount importance to feedback from our viewers. We value your opinions, and in case of suggestions or business inquiries, feel free to get in touch with us.